لکھنؤ:وزیراعظم نریندرمودی کے پارلیمانی حلقہ وارانسی میں کل ہوئے حادثہ پر رنج وغم کا اظہارکرتے ہوئے بہوجن سماج پارٹی کی صدر مایاوتی نے قصورواروں کو سخت سزادینے کا مطالبہ کیا ہے ۔
محترمہ مایاوتی نے آج جاری بیان میں کہا کہ گاڑیوں کی آمدورفت کے درمیان زیر تعمیر پل کا ایک حصہ گرجانے کا حادثہ انتہائی سنگین ہے ۔حکومت کو مجرمانہ لاپروائی کے اس معاملہ کو سنجیدگی سے لینا چاہئے ۔
اس حادثہ کی اعلی سطحی جانچ کراکے قصور واروں کو سخت سزادلانا چاہئے تاکہ ایسا دردناک حادثہ دوبارہ نہ ہو۔انھوں نے کہا کہ انتہائی مجرمانہ لا پروائی کے ایسے سنگین معاملوں میں بھارتیہ جنتاپارٹی کے اعلی رہنما ؤں کے ذریعہ ‘من پر بوجھ ‘بتادینے سے ذمہ داری سے دامن بچانے کی کوشش کی صحیح نہیں ہے بلکہ اس کے لئے ٹھوس کارروائی اور تدابیر کرنے کی سخت ضرورت ہے ۔
بی ایس پی صدر نے کہا کہ اکثر دیکھا گیا ہے کہ حکومت متاثرہ خاندانوں اور زخمیوں کو امدادی رقم دیکر اپنے آپکو ذمہ داری سے بری سمجھ لیتی ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ حکومت کا فرض ہے کہ وہ قصورواروں کی شناخت کرکے سزایو یقینی بنائے تاکہ ایسے حادثات کا اعادہ نہ ہو۔
محترمہ مایاوتی نے کہا کہ جرائم کی روک تھام اور امن وقانون کے ساتھ ساتھ دلتوں اور پسماندہ طبقات کے خلاف تشدد اور دیگر مظالم کے معاملات بھی اترپردیش میں رکنے کا نام نہیں لے رہے ہیں ۔
اتنا ہی نہیں ایسے معاملوں میں جرائم پیشہ افرادکو کھلے عام پولیس اور سرکار ی تحفظ ملنے کی وجہ سے صورتحال انتہائی سنگین ہوتی جارہی ہے ۔اس سے پہلے گورکھپور میں ہوئے واقعات ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ریاست کی بی جے پی حکومت کے تعصب کا مظاہرہ کرتے ہوئے دلتوں کے خلاف انصاف کا گلا گھونٹ کر جرائم پیشہ افرادکا ساتھ دینے سے معاملہ کافی سنگین ہوگیاہے ۔
بی ایس پی سربراہ نے گورکھپورکے واقعہ کے سلسلہ میں قصورواروں کو سخت سزادینے کا حکومت سے مطالبہ کیا ۔