فلسطینیوں پر صیہونی حکومت کے وحشیانہ مظالم، نہتے فلسطینی مظاہرین کے قتل عام اور امریکی سفارت خانے کی بیت المقدس منتقلی کی عالمی سطح پر مذمتوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
لبنان میں مقیم ہزاروں فلسطینی پناہ گزینوں نے مقبوضہ فلسطین سے ملنے والی لبنان کی سرحدوں پر ایک بڑا مظاہرہ کر کے فلسطینیوں کے واپسی مارچ کے لئے اپنی حمایت کا اعلان کیا- لبنان میں پناہ گزیں ہزاروں فلسطینیوں نے فلسطینی گروہوں اور تنظیموں کی کال پر یوم نکبہ پر فلسطینیوں کے واپسی مارچ کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے امریکی سفارت خانے کی تل ابیب سے بیت المقدس منتقلی پر شدید احتجاج کیا-
یہ مظاہرہ لبنان کے سرحدی علاقے ارنون میں کیا گیا- فلسطینی مظاہرین نے غزہ کے محصور باشندوں کے لئے کہ جنھیں صیہونی فوج ان دنوں بے دردی کے ساتھ خاک و خون میں غلطاں کر رہی ہے، اپنی مکمل حمایت اور یکجہتی کا اعلان کیا-
مظاہرین اپنے ہاتھوں میں فلسطین، لبنان اور حزب اللہ پرچم اٹھائے ہوئے تھے- یمن کے عوام نے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور امریکی سفارت خانے کی تل ابیب سے بیت المقدس منتقلی پر احتجاج کرتے ہوئے صنعا میں ایک بڑی ریلی نکالی-
مظاہرے کے دوران جو صنعا کے باب الیمین اسکوائر پر کیا گیا لوگ اپنے ہاتھوں میں فلسطین کا پرچم اٹھائے ہوئے تھے اور امریکا مردہ باد، اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگا رہے تھے- یمنی مظاہرین نے بیت المقدس کی حفاظت کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے فلسطینی عوام پر صیہونی حکومت اور فوج کے وحشیانہ مظالم کی مذمت کی-
مظاہرین کا کہنا تھا کہ یمن کے عوام فلسطینی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور یمن پر سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے وحشیانہ حملوں اور جارحیتوں کے باوجود یمنی عوام کے دل و دماغ اور ضمیر و وجدان میں مسئلہ فلسطین اپنی پوری اہمیت کے ساتھ باقی ہے-
پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی ہزاروں مشتعل مظاہرین نے صیہونی حکومت کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی اور امریکی سفارت خانے کی تل ابیب سے بیت المقدس منتقلی کی مذمت کی- اسلام آباد میں نکالی گئی ریلی کے شرکا نے امریکا مردہ باد، اسرائیل مردہ اور بیت المقدس زندہ باد کے نعرے لگا کر فلسطین کے مظلوم عوام سے اپنی یکجہتی کا اظہار کیا-
پاکستانی مظاہرین نے بیت المقدس کو یہودی رنگ دینے کی کوشش اور امریکی سفارت خانے کی بیت المقدس منتقلی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے کہا کہ وہ صیہونی حکومت کے مظالم کو بند کرائیں-
پاکستان کی سینیٹ نے بھی اسرائیل کی مذمت اور فلسطینیوں کی حمایت میں قرارداد منظور کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری سے کہا ہے کہ وہ اسرائیلی مظالم کو روکنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے- پاکستانی سینیٹ کے ارکان نے امریکی سفارت خانے کو تل ابیب سے بیت المقدس منتقل کرنے کے ٹرمپ کے فیصلے کی بھی مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا-
یونان میں بھی بڑی تعداد میں لوگوں نے دارالحکومت ایتھنز میں سڑکوں پر نکل کر فلسطینیوں سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے صیہونی حکومت کے مظالم کی مذمت کی اور اسرائیل کا پرچم نذر آتش کیا- یونانی مظاہرین نعرے لگا رہے تھے کہ بیت المقدس فلسطینیوں کا ہے اور فلسطینیوں کا قتل عام بند کیا جائے-
یونانی مظاہرین، ایسے پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے جن پر لکھا تھا کہ ہم فلسطینیوں کے حامی ہیں- مظاہرین نے ایتھنز میں اسرائیلی سفارت خانے کے قریب پہنچ کر صیہونی حکومت کے خلاف شدید نعرے لگائے اور اس کا پرچم نذر آتش کیا- مظاہرین نے بیت المقدس کے بارے میں ٹرمپ کے فیصلے کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی-