روسی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے درجنوں فلسطینی مظاہرین کو دہشت گرد کہنا ’توہین آمیز‘ ہے۔ ان کا سوالیہ انداز میں کہنا تھا کہ کیا کم سن اور شیر خوار بچے بھی دہشت گرد تھے؟
روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف نے ماسکو میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات پر یقین نہیں کر سکتے کہ ’پر امن افراد‘ کے ساتھ جاں بحق ہونے والے کم سن اور شیر خوار بچے دہشت گرد تھے۔ ان کے مطابق انہیں دہشت گرد کہنا ’توہین آمیز‘ ہے۔
دو روز قبل اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے کم از کم آٹھ ایسے بچے بھی جاں بحق ہوئے تھے، جن کی عمریں سولہ برس سے کم تھیں جبکہ جاں بحق ہونے والوں میں ایک شیر خوار بچہ بھی شامل تھا۔
قبل ازیں بیلجیم کی حکومت نے بھی برسلز میں تعینات اسرائیلی سفیر کو طلب کرتے ہوئے ان کے اس بیان پر احتجاج کیا تھا، جس میں انہوں نے تمام فلسطینی متاثرین کو ’دہشت گرد‘ قرار دیا تھا۔
بلیجیم کے وزیر اعظم شارل میشل کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی طرف سے عام شہریوں کے خلاف طاقت کا غلط استعمال کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مظاہرین پر براہ راست فائرنگ شرمناک ہے۔