رہبر معظم انقلاب اسلامی کی موجودگی میں حسینیہ امام خمینی (رہ) میں رمضان المبارک کی مناسبت سے محفل انس با قرآن منعقد ہوئی جس میں ملک کے ممتاز قاریوں اور حفاظ نے شرکت کی ۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اس نورانی اور ایمان افروز محفل کے شرکاء سے خطاب میں بیت المقدس کو فلسطین کا دارالحکومت قراردیتے ہوئے فرمایا: اللہ تعالی کے فضل و کرم سے فلسطین دشمن کے قبضہ سے آزاد ہوجائےگا۔ امریکہ اور اس کے اتحادی، حقیقت اور الہی سنت کو بدل نہیں سکتے ۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: مسلمان قرآن مجید کے سائے میں اپنی مشکلات دور کرسکتے ہیں قرآن مجید مسلمانوں کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کا عظیم سرمایہ ہے مسلمان حکمرانوں اور امت مسلمہ کی قرآن مجید سے دوری کے نتیجے میں آج عالم اسلام مشکلات کا شکار ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: فلسطینیوں پر ہونے والے اسرائیلی مظالم پر اسلامی ممالک اور امت مسلمہ کو خاموش نہیں رہنا چاہیے اور بیت المقدس کے سلسلے میں اپنی ذمہ د اریوں پر عمل کرنا چاہیے فلسطین کی آزادی یقینی ہے اور فلسطینی اپنی سرزمین پر ایک دن ضرور آباد ہوں گے اور ان کے دشمنوں کو دنیا اور آخرت میں شکست اور ناکامی کا منہ دیکھنا پڑےگا۔