سنہ 2009 میں فلم ‘وانٹڈ’ کے بعد سلمان خان نے اپنے کریئر کو ان بلندیوں پر پہنچا دیا جہاں پوری فلم ایک ہی کردار کے گرد گھومتی ہے اور یہ کردار وہ ہر چیز کرتا ہے جس کا محض تصور ہی کیا جا کستا ہے۔
یہ کردار کافی حد تک حقیقت سے دور کسی سپرمین کی طرح ہوتا ہے جو 30 منزلہ عمارت پر چڑھ بھی جاتا ہے اور وہاں سے بے خوف کود بھی جاتا ہے۔
اس ہفتے سلمان کی عید پر ریلیز ہونے والی فلم ‘ریس تھری’ کا ٹریلر جاری کیا گیا۔ اس فلم میں بھی سلمان نے وہی سب کچھ کیا جو وہ ‘وانٹڈ’ کے بعد سے کرتے آئے ہیں۔ یعنی ایسا ہیرو جسے کوئی نہیں ہرا سکتا اور جس کی فلم میں آخر میں سب کچھ اچھا ہی اچھا ہوتا ہے۔
اس فلم میں بھی سلمان ‘ون مین آرمی’ بنے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ سلمان کی کرشماتی شخصیت ہی ہے جو لوگ اس طرح کی فلمیں نہ صرف ہضم کر جاتے ہیں بلکہ تین سے چار سو کروڑ کا بزنس بھی دے جاتے ہیں۔
اب ان کی اس دلیل کا ایک ہی جواب ہو سکتا ہے جو ایک فلم میں خود سلمان نے کہا تھا ‘دل میں آتا ہوں سمجھ میں نہیں’۔