ویلنگٹن۔نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے ہاتھوں پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز میں چار۔صفر کی کلین سوئپ سے مایوس ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے کہا ہے کہ ٹیم کے بلے باز فیصلہ کن مرحلے پر اپنی ذمہ داری نبھانے میں ناکام رہے۔نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں 0 ۔ 4 کی شکست سے مایوس ہندستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے آج کہا کہ ان کی ٹیم مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی مخالف ٹیم کے خلاف حالات سے ہم آہنگی بٹھانے میں ناکام رہی ۔ہندستان آج یہاں پانچویں اور آخری میچ میں 87 رن کی شکست کے ساتھ پانچ میچوں کی سیریز 0 ۔ 4 سے ہار گیا جس کا تیسرا میچ ٹائی رہا تھا ۔ دھونی نے کہا کہ اس پوری سیریز کے دوران نیوزی لینڈنے کافی اچھا کرکٹ کھیلا ۔ نئی گیند سے بولنگ کرنے والی ان کی جوڑی بہت اچھی ہے لیکن جہاں انہوں نے میچ ہماری پہنچ سے دور کر دیا اس درمیانی اوور کی بلے بازی تھی جس نے آخری اووروں میں جارحانہ بلے بازی کا پلیٹ فارم تیار کیا اور انہوں نے مسلسل 80 سے 90 رنز کئے۔ٹیم انڈیا کی کارکردگی کے بارے میں پوچھے جانے پر دھونی نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ ہم کچھ الگ کریں اور تیزی سے ہم آہنگی بٹھائیں جو کرنے میں ہم ناکام رہے ۔انہوں نے کہا کہ صلحیت کے اعتبار سے یہ وہ کھلاڑی ہیں جنہوں نے ماضی میں کافی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ، چمپینس ٹرافی جیتی ، لیکن انہیں شاٹ کھیلتے ہوئے خود پر یقین رکھنا ہوگا۔ دھونی نے کہا کہ چھ فروری سے شروع ہو رہی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز ان کے کھلاڑیوں کے لئے اور سخت چیلنج ہوگی ۔