حکومت پاکستان نے بولی وڈ فلموں پر ملک میں عید کے دوران پابندی کے فیصلے پر نظر ثانی کرتے ہوئے پابندی کا دورانیہ دو ہفتوں سے کم کرتے ہوئے ایک ہفتہ کردیا۔
عید کے موقع پر پاکستانی سینما گھروں میں بولی وڈ فلموں پر لگی پابندی سے ہندی سینما کے مداح کافی ناخوش دکھائی دیے، جس کے بعد وزارت اطلاعات نے نیا نوٹیفیکیشن جاری کرتے ہوئے بولی وڈ فلموں کی پابندی کا دورانیہ 2 ہفتوں سے کم کرکے ایک ہفتہ کردیا۔
اس سے قبل سنسر بورڈ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا تھا کہ یہ پابندی مستقل نہیں، بھارتی فلموں پر پابندی کا اطلاق عید سے 2 دن پہلے شروع ہوگا اور عید کے بعد 2 ہفتوں تک جاری رہے گا۔
تاہم نئے نوٹیفیکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ اس پابندی کا آغاز عید الفطر اور عید الاضحیٰ کے روز سے ہوگا، جس کا دورانیہ صرف ایک ہفتہ رہے گا۔
بولی وڈ فلموں پر پابندی عائد کرنے کا مقصد پاکستانی فلم انڈسٹری کو سپورٹ کرنا اور پاکستانی فلمز کی زیادہ مقبولیت ہے۔