نئی دہلی : معیشت کی رفتار کے ساتھ اچھے مانسون کی پیشن گوئی سے بنے مثبت تاثرات کی بدولت مئی میں ملک میں مسافر گاڑیوں کی فروخت 19.65 فیصد سے بڑھ کر 3،01،238 یونٹ پر پہنچ گئی۔گزشتہ برس مئی میں یہ اعدادوشمار 2،51،764 تھے ۔
گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں کی تنظیم سیام کے ڈائریکٹر جنرل وشنو ماتھر نے یہاں مئی کے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ملک میں یہ مہینہ گاڑی صنعت کے لئے اچھا رہا ہے ۔ تمام شعبوں میں اچھی مضبوطی دیکھی گئی۔ مسافر گاڑیوں کے علاوہ کمرشیل گاڑیوں کی فروخت 43.06 فیصد، تین پہیہ گاڑیوں کی 51.97 فیصد اور دو پہیہ گاڑیوں کی فروخت میں 9.19 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔مجموعی طور پر گاڑیوں کی فروخت میں 12.13 فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔
مسافر گاڑیوں میں کاروں کی فروخت 19.64 فیصد سے بڑھ کر 1،99،497 یونٹ اور عام استعمال والی گاڑیوں کی فروخت 17.53 فیصد بڑھ کر 82،086 یونٹ پر پہنچ گئی۔ اس سیکشن میں وینوں کی فروخت بھی 29.54 فیصد اضافے کے ساتھ 19،673 یونٹ رہی۔
سیام کے ڈپٹی ڈائرکٹر جنرل سگاتو سین نے کہا ”ہم اس سال اچھی فروخت کی توقع کرتے ہیں۔اچھے مانسون کی پیشن گوئی سے معیشت میں اور بہتری کی امید ہے ۔ساتھ ہی انتخابی سال ہونے سے سرکاری سرمایہ کاری بڑھنے اور اس سے گاڑی کی صنعت کو رفتار ملنے کا امکان ہے ۔