مسجد حرام میں انتظامیہ نے کم سے کم وقت میں مطاف کی دُھلائی کا ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ رمضان کی 27 ویں شب کو بعد نماز مغرب ہونے والے اس دُھلائی کے عمل کو صرف 9 منٹ اور 47 سیکنڈ میں پورا کر لیا گیا۔
مسجد حرام میں خدمات کے امور کی عام انتظامیہ کے ڈائریکٹر محمد بن مصلح الجابری نے واضح کیا کہ 27 ویں شب کو انتظامیہ کے پلان پر کامیابی کے ساتھ عمل درامد ہوا۔ اس دوران نماز مغرب کے فورا بعد مطاف اور مسجد حرام کے فرشوں اور صحنوں کو دھویا گیا۔ رات بھر کچرے کو ہاتھوں سے اٹھایا گیا اور مسجد حرام کے اندر مرکزی راستوں، گذر گاہوں اور نماز کے مقامات کو مسلسل خوشبو سے مہکایا جاتا رہا۔
الجابری کے مطابق 27 ویں شب میں مسجد حرام اور اس کے صحنوں سے 291 ٹن کچرا اٹھایا گیا۔ اس دوران 200 سے زیادہ اہل کار اپنے فرائض انجام دیتے رہے اور روزے داروں کی خدمات کے یونٹ کے لیے 100 سے زیادہ اہل کار سرگرم رہے جب کہ 3000 مرد اور خواتین ورکرز دن بھر کام کرتے ہیں۔
الجابری نے مزید بتایا کہ اس دوران تقریبا 25000 قالینوں، کچرے کے 1500 بڑے اور 1500 چھوٹے ڈبوں کی صفائی کو یقینی بنایا گیا۔