روس میں جاری فٹبال کے عالمی کپ میں ایران کی قومی ٹیم کی شاندار کار کردگی پر رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای اور صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے ٹیم کے کھلاڑیوں اور قومی ٹیم کے دیگر عہدیداروں کی تعریف اور انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔
ایران کی فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں کے نام رہبر انقلاب اسلامی کا پیغام آپ کے دفتر نے ان کو پہنچایا- رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایرانی فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں کے نام اپنے اس پیغام میں فرمایا کہ آپ لوگ کامیاب اور سربلند عالمی کپ سے واپس لوٹے ہیں- شاباش، انشاء اللہ آپ لوگ ہمیشہ کامیاب رہیں-
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے بھی فٹبال کے عالمی کپ مقابلوں میں شاندار کامیابی حاصل کرنے اور بہترین کھیل پیش کرنے پر ایران کی قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آپ لوگوں نے ایک قوم کے خوابوں کو پورا کرنے کے لئے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا-
صدر مملکت نے اپنے اس پیغام میں کہا کہ آپ لوگوں نے ایک ایسی قوم کے لئے فٹبال کے عالمی میدانوں میں شاندار کھیل اور قابل فخر کارنامہ پیش کیا ہے جس کا نام کھیلوں کے میدان کے عظیم اور فاتح کھلاڑیوں اور پہلوانوں سے جڑا ہوا ہے اور جس قوم نے ہمیشہ کھیل کے میدان کے اپنے سورماؤں، پہلوانوں اور کھلاڑیوں کی قدر کی اور انہیں اپنی پلکوں پر بٹھایا ہے-
صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ اللہ کا درود و سلام ہو آپ لوگوں پر اے ایران کے غیور اور باہمت کھلاڑیو: کہ جنھوں نے روس میں فٹبال کے عالمی کپ کے مقابلوں میں اپنی ہمت وغیرت، ہوشیاری اور شاندار کھیل کے ذریعے ایک متحد، پرامید اور محنت و لگن کے جذبے سے سرشار قوم کا ایک اور جلوہ دنیا والوں کے سامنے پیش کیا-
ایران کی قومی فٹبال ٹیم نے فیفا ورلڈ کپ دو ہزار اٹھارہ کے اپنے آخری گروپ میچ میں جو پیر اور منگل کی درمیانی شب روس کے شہر سارانسک میں کھیلا گیا یورپی چیمپیئن پرتگال کے مقابلے میں بہترین اور شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ایک گول سے میچ کو ڈرا کیا-
اس میچ کے بعد ایران کومجموعی طور پر چار پوائنٹ حاصل ہوئے تاہم بہترین کھیل پیش کرنے کے بعد بھی وہ تیسرے نمبر پر رہی اور اگلے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی نہ کر سکی-
فیفا عالمی کپ میں ایران گروپ بی میں اسپین، پرتگال اور مراکش کے ساتھ تھا- پہلے میچ میں ایران نے مراکش کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی جبکہ دوسرا میچ کئی بار کی عالمی اور یورپی چیمپیئن اسپین بمشکل ایران سے ایک گول سے میچ جیت سکا-
عالمی کپ کے گروپوں میں ایران کے گروپ کو سب سے سخت گروپ مانا جا رہا تھا- گروپ بی میں اسپین اور پرتگال کی ٹیمیں پانچ پوائنٹ کے ساتھ پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے کے بعد پیر کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کر گئی ہیں- ایران کی ٹیم چار پوائنٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر اور مراکش کی ٹیم چوتھے نمبر پر رہی-