کانپور (نامہ نگار)کانپور شہر میں دو علیحدہ علیحدہ واقعات میں ٹرین کی زد میں آکر ایک نوجوان کی موت ہوگئی اور ایک شخص کی ٹانگ کٹ گئی۔ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پنکی شاہراہ کے نیچے کل شام ریلوے لائن پار کرتے ہوئے ایک نوجوان ٹرین کی زد میں آگیا۔ جس کے سبب اس کی جائے موقع پر ہی موت ہوگئی۔ نوجوان کی شناخت دنیش پال (۲۸)کے طور پر کی گئی جو پنکی سائٹ -۲واقع ایک فیکٹری میں ملازمت کررہاتھا۔ کام ختم ہونے کے بعد وہ گھر جانے کے لئے ریلوے لائن پارکررہاتھا۔
اسی دوران دنیش پال ٹرین کی زد میں آگیا اور اس کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ پولیس نے دنیش پال کی لاش کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا اور اس کے اہل خانہ کو مطلع کردیا۔ دوسرا حادثہ سینٹرل ریلوے اسٹیشن پر پیش آیا جہاں پر کارپوریشن کا ڈرائیور جتندر کمار غلطی سے مرودھر ایکسپریس ٹرین میں بیٹھ گیا جبکہ اسے دوسری ٹرین سے سفر کرنا تھا۔ اسی دوران ٹرین روانہ ہوگئی اور وہ گھبرا کر ٹرین سے کود گیا۔ جس کے سبب اس کا ایک پیر کٹ گیا۔ اور وہ شدید طور سے زخمی ہوگیا۔ ریلوے پولیس نے اسے میڈیکل کالج اسپتال میں داخل کرادیا ہے جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔