بہرائچ: اترپردیش میں بہرائچ کے ترائی اور نیپال کے پہاڑوں پر ہورہی شدید بارش کے سبب گھاگھرا ندی کی آبی سطح 10سینٹی میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بڑھ رہی ہے جس سے ندی تیزی سے کٹاو کر رہی ہے ۔
سرکاری ذرائع نے بدھ کو یہاں بتایا کہ الگ الگ تین بیراجوں سے ضلع کی گھاگھرا ندی میں 4.70لاکھ کیوسک پانی چھوڑا گیا ہے ۔ اس کے سبب مہسی اور قیصر گنج علاقہ میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے ۔ دونوں تحصیلوں کے 98گاووں میں الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔ پشتہ کے اس پار آباد گاوں کے لوگوں محفوظ مقامات پر پہنچنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ محکمہ آفت ہر گھنٹہ آبی سطح کی رپورٹ لے رہا ہے ۔ریونیو ورکرز کی ڈیوٹی مقرر کردی گئی ہے ۔ سیلاب چوکیوں کو بھی چالو کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ راحت اور بچاو کام کے لئے 429کشتیوں کا انتظام کرنے کے ساتھ ہی 105غوطہ خور بھی بلائے گئے ہیں۔