استنبول: شام میں اپنے والد کی طرح پیدائشی طور پر پیروں سے معذور 8 سالہ مایا مرہی اب اپنے پیروں پر چل سکے گی ۔ شامی کمسن مایا کی سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو نے انہیں پیر دلوا دیئے۔
الیکٹرونک میڈیا اور پرنٹ میڈیا کےبعد سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوکے بعد ترک حکومت نے مایا مرہی اور اس کے معذور والد کو استنبول بلا لیا ہےاور وہاں دونوں باپ اور بیٹی کو مصنوعی پیر لگائے جائیں گے۔
مایا کے والد مالی وسائل نہ ہونے کی وجہ سے اپنا اور اپنی بیٹی کا علاج نہیں کرا پا رہےتھے۔لیکن والد نے اپنی بیٹی کیلئے کچھ کیا ضرور۔ انہوں نے اپنی بیٹی کے پیروں کیلیے ٹین کے ڈبوں کے مصنوعی پیر بنائے ہیں۔ اُن میں پرانے کپڑے اور دیگر اشیا بھی رکھیں تاکہ مایا کو چلنے میں تکلیف نہ ہو۔
وہیں دوسری جانب ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ تین ماہ میں مایا پوری طرح اپنے ان نئے پیروں سے چلنے لگے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مایا کے والد کا جذبہ دیکھ کر ڈاکٹروں کا کام آسان ہو گیا’’۔ ترکی کے ڈاکٹر مہمت زیکی کولکو نے کہا کہ’’مایا کے والد نے اپنی بیٹی کو پیروں سے چلانے کے لئے سب کچھ کیا، اللہ اب ان کی مدد کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی نے بھی یہ نہیں سوچا ہوگا کہ وہ مایا ایک دن اتنی آسانی سے چل پائیں گی‘‘۔