ٹی 20 سیریز میں انگلینڈ کو 2-1 سے شکست دینے کے بعد ٹیم انڈیا اب یک روزہ سیریز جیتنے کے ارادے سے میدان پر اترے گی ۔
ہندوستانی ٹیم شام پانچ بجے یک روزہ سیریز کا پہلا میچ ناٹنگھم میں کھیلے گی ۔ اس سیریز میں جیت کیلئے ٹیم انڈیا کو اچھا کھیل کا مظاہرہ تو کرنا ہی ہوگا ، لیکن کہیں نہ کہیں وراٹ اینڈ کمپنی کی جیت اچھے کھیل سے زیادہ سکے کی بازی پر بھی منحصر ہوگی ۔
سکے کی بازی کا مطلب ہے ٹاس ، جس نے انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز میں بھی اپنا رنگ دکھایا تھا ۔ تین میچوں کی ٹی 20 سیریز میں جو بھی ٹیم ٹاس جیتی تھی ، اس نے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور اسے ہی جیت بھی ملی تھی ۔ ٹیم انڈیا نے پہلے اور تیسرے میچ میں ٹاس جیتا جبکہ انگلینڈ نے دوسرے میچ میں ٹاس جیتا اور دونوں ٹیموں نے ٹاس جیتنے والے میچ میں کامیابی بھی حاصل کی ۔ ایسے میں یک روزہ سیریز میں بھی یہی دیکھنے کو مل سکتا ہے ۔
ٹیم انڈیا کے نائب کپتان روہت شرما بھی ٹاس کی اہمیت کا اعتراف کرچکے ہیں ۔ روہت نے میچ سے پہلے کہا کہ جب آپ اس طرح کی پچ پر کھیلتے ہیں تو آپ دوسری اننگز کھیلنا پسند کرتے ہیں ، ٹیم بھی ہدف کا تعاقب کرنا چاہے گی ، لیکن ٹاس ہمارے کنٹرول میں نہیں ہے ۔ روہت نے مزید کہا کہ ایک ٹیم کے طور پر ہم نے انگلینڈ میں اچھا مظاہرہ کیا ہے ، ہم نے چیلنجز کا اچھی طرح سے مقابلہ کیا ہے ۔ انگلینڈ کی ٹیم حالانکہ ہم پر دباو ڈال سکتی ہے ۔