انڈیا میں سکھ رہنماؤں نے بالی وڈ اداکارہ سنی لیونی کی زندگی پر بننے والی ویب سیریز کے خلاف مظاہرے کرنے کی دھمکی دی ہے کیونکہ ان کے مطابق اس میں نام ’کور‘ استعمال کیا گیا ہے۔
بالی وڈ اداکارہ سنی لیونی کی زندگی پر بننے والی ویب سیریز ’کرن جیت کور، دی ان ٹولڈ سٹوری آف سنی لیونی‘ کا حال ہی میں ٹریلر جاری کیا گیا ہے۔
کور لیونی کا اصلی نام کا حصہ ہے اور اسے سکھ برادری میں خواتین کے نام کے ساتھ لگایا جاتا ہے۔
اس ویب سیریز کے نام میں کور کا استعمال کیا گیا ہے جس پر بعض سکھ رہنما برہم ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اس سے نام کے تقدس میں کمی آتی ہے۔
کور نام سنہ 1699 میں سکھوں کے 10ویں گرو ، گرو گوبند سنگھ کی جانب سے ذات کا فرق ختم کرنے اور سکھ خواتین کو برابری دینے کے لیے دیا گیا تھا۔
اس سیریز کے نام میں سنی لیونی کے پیدائشی نام کو استعمال کیا گیا ہے جو کہ کرن جیت کور وہڑا ہے، تاہم وہ اپنے پورن سٹار نام سے زیادہ پہچانی جاتی ہیں۔
16 جولائی کو زی5 پر دکھائی جانے والی اس سیریز میں سنی لیونی کی زندگی پر نظر ڈالی گئی ہے۔
زی5 جو کہ ایسل گروپ کی ملکیت ہے کہ چیئرمین سبھاش چندرا کے نام خط میں انڈین سیاست دان منجندر سنگھ سرسا نے کہا ہے کہ یا تو اس سیریز کو بند کر دیا جائِے اور یا پھر اس کے ٹائٹل میں سے کور کا لفظ نکال دیا جائے۔
سرسا شرومانی اکلی دل پارٹی کے رکن اور دہلی سکھ گوردوار مینیجمنٹ کمیٹی کے جنرل سیکریٹری ہیں۔
تاہم چندرا نے ان کے خط کا جواب صرف یہ دیا کہ ان کا نام تبدیل نہیں کیا جائے گا۔