ایران میں دو دنوں سے جاری زلزلہ کے تیز جھٹکوں کی وجہ سے زخمیوں کی تعداد بڑھ کر 290 ہو گئی ہے۔ پیر کو جنوب مشرقی ایران میں 5.8 شدت کے زلزلہ کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے.
میڈیا رپورٹوں کے مطابق اتوار کو ایران کے مغربی علاقے میں 5.9 شدت کے زلزلہ کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے۔ ایران میں دو دن کے اندر اندر چوتھی بار زلزلہ کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں اور زخمیوں کی تعداد مسلسل بڑھتی جا رہی ہے۔
مغربی صوبے کرمان شاہ کے گورنر هوشانگ بازوند نے خبر رساں ایجنسی آئی آر این کو بتایا “زلزلہ میں زخمی آٹھ افراد کو علاج کے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے باقی زخمیوں کو علاج کے بعداسپتال سے گھر بھیج دیا گیا۔ ابھی تک کسی کے مارے جانے کی اطلاع نہیں ملی ہے‘‘۔
سرکاری ٹیلی ویژن نے بتایا کہ اس سے پہلے 4.7 اور 5.7 شدت کے زلزلے کے جھٹکوں سے کچھ دیہاتوں میں عمارتوں کو نقصان پہنچا لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا.ایران کے ریڈ کریسنٹ میں ریسکیو ٹیم کے سربراہ مرتضی سليمي نے بتایا کہ پہلے آئے دو زلزلوں میں معمولی نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے ارنا نیوز ایجنسی کو بتایا کہ کچھ دیواریں منہدم ہوئی ہیں لیکن اس سے زیادہ نقصان نہیں ہوا۔
ایران طویل عرصہ سے زلزلہ سے متاثر ملک رہا ہے۔ یہاں حالیہ برسوں میں بہت سے تباہ کن زلزلے آئے ہیں۔ گزشتہ سال نومبر میں بھی كرمان شاه صوبے میں 7.3 شدت کا تباہ کن زلزلہ آیا تھا جس میں کم از کم 620 افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہو گئے تھے۔