چنئی ، 4فروری(یو این آئی)سری لنکا کی کی جانب سے ماہی گیروں کی گرفتاری سے پریشان تمل ناڈو کی وزیر اعلی جے للتا نے آج دوبارہ وزیر اعظم منموہن سنگھ کو خط لکھ کر اس سلسلے میں مداخلت کی اپیل کی۔وزیر اعظم کو بھیجے گئے نیم سرکاری مکتوب کی نقول یہاں میڈیا کو جاری کی گئیں۔ محترمہ جے للتا نے خط میں وزیر اعظم سے اپنے سفارتی ذرائع سے سری لنکا کی جیلوں میں بند 57 ہندوستانی ماہی گیروں کی رہائی کے لئے اقدام کرنے کی درخواست کی ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ یکم فروری کو ریاست کے پڈوکوٹائی اور رام ناتھ پورم ضلعوں کے 19ماہی گیروں کو سری لنکا کی بحریہ نے گرفتار کرنے کے ساتھ ہی ان کی پانچ میکانکی کشتیوں کو بھی ضبط کرلیا ہے۔اس سے قبل بھی 29 جنوری کو گرفتار کئے گئے 38ماہی گیروں کو عدالتی تحویل میں لے کر وہاں کی جیلوں میں رکھا گیا ہے۔محترمہ جے للتا نے وزیر اعظم کو تحریر کردہ اپنے مکتوب میں کہا ہے کہ “میں سری لنکا کی جیلوں میں بند 57ہندوستانی ماہی گیروں کی جلد از جلد رہائی کے لئے آپ سے اپیل کرتی ہوں کہ آپ اس معاملہ میں ذاتی طور پر مداخلت کرتے ہوئے اپنے سفارتی ذرائع سے ماہی گیروں کی رہائی یقینی بنانے کے لئے قدم اٹھانے کی زحمت کریں”۔