پاکستانی شوبز سے تعلق رکھنے والی کئی نامور شخصیات اس وقت پاکستان میں انتخابات کے دوران موجود نہیں اور اداکارہ ماہرہ خان ان ہی میں سے ایک ہیں۔
ماہرہ خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ کے ذریعے اس وقت پاکستان میں موجود نہ ہونے اور ووٹ نہ ڈالنے پر اپنے دکھ کا اظہار کیا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’میں جتنا اس وقت پاکستان میں موجود ہوتا چاہتی ہوں، بدقسمتی سے ایسا ہو نہیں سکتا، میرے پاس اپنے کام کو ملتوی کرنے کا کوئی راستہ نہیں تھا، کیوں کہ کئی مہینوں قبل ہی میرا شیڈول تیار ہوچکا تھا، میں نے اپنی پوری کوشش کی، لیکن افسوس کے ساتھ میں اس سال ووٹ نہیں دے پاؤں گی‘۔
تاہم انہوں نے اپنے مداحوں پر زور دیا کہ وہ ووٹ ڈالنے ضرور جائیں۔
انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ اس سال پاکستان میں وہ تبدیلی نظر آئی گی جس کا سب بےصبری سے انتظار کررہے ہیں۔
خیال رہے کہ گلوکار اور اداکار فرحان سعید نے ایک ٹویٹ کے ذریعے انتخابات کے دوران پاکستان سے باہر جانے والے فنکاروں کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
پاکستانی شوبز سے تعلق رکھنے والے بہت سے نامور فنکار اس وقت ٹورنٹو میں ہم ایوارڈز کی تیاری کے لیے موجود ہیں۔