پاکستان میں ہوئے عام انتخابات میں کرکٹر سے سیاستداں بنے عمران خان کی پارٹی پاکستان تحریک انصاف کو زبردست کامیابی ملی ہے اور عمران خان ملک کے وزیر اعظم بننے جارہے ہیں ۔ عمران خان کی حلف برداری تقریب کے شرکا کو لے کر کافی بحث چل رہی ہے ۔ ہندوستان کے بھی کئی بڑے سابق کرکٹرس کے اس تقریب میں شامل ہونے کی قیاس آرائی کی جارہی ہے۔
ایک انگریزی نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق سابق را چیف اے ایس دلت نے ماننا ہے کہ عمران خان کی حلف برداری تقریب میں کپل دیو ، سنیل گواسکر اور سچن تیندولکر سمیت کئی بڑے کرکٹر شامل ہوسکتے ہیں ۔ نیوز چینل سے بات چیت کرتے ہوئے دلت کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حلف برداری تقریب میں خواہ کوئی جائے یا نہیں ، ہمارے کچھ خاص کرکٹر وہاں موجود ہوسکتے ہیں۔
اے ایس دلت کے مطابق سنیل گواسکر ، سچن تیندولکر ، راہل دراوڑ اور کپل دیو جیسے کچھ چنندہ کرکٹروں کو اسلام آباد میں حلف برداری تقریب میں شرکت کی دعوت مل سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر میں غلط نہیں ہوں تو گواسکر دنیا کے بہترین سلامی بلے بازوں میں سے ایک ہیں ، یہ سبھی کرکٹرس عمران خان کے دوستوں میں شامل ہیں۔
خیال رہے کہ عمران خان کی پارٹی کے الیکشن میں کامیاب ہونے پر ٹیم انڈیا کے سابق کپتان کپل دیو اور سنیل گواسکر نے انہیں مبارکباد دی تھی اور اس امید کا اظہار کیا تھا کہ عمران خان کرکٹ ٹیم کی طرح ہی پاکستان ملک کی بھی خدمت کریں گے۔