بولی وڈ کے دبنگ ہیرو سلمان خان اپنی آنے والی فلم ‘بھارت’ میں خود سے صرف نو سال بڑے اداکار کے بیٹے کا کردار ادا کریں گے۔
اس فلم میں سلمان خان کے والد کا کردار ایک ایسے معروف اداکار کریں گے جو سلمان خان سے عمر میں صرف نو سال بڑے ہیں۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ‘بھارت’ میں معروف اداکار 61 سالہ جیکی شروف 52 سالہ سلمان خان کے والد کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔
رپورٹ کے مطابق جیکی شروف نے فلم میں کام کرنے کی رضامندی ظاہر کر دی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس فلم میں سلمان خان اور جیکی شروف کے علاوہ دیشا پٹنانی بھی نظر آئیں گی۔
یہ فلم سنہ 2014 کی جنوبی کوریا کی فلم ‘اوڈ ٹو مائے فادر’ کی کہانی پر مبنی ہے۔
اس کی پروڈکشن سلمان خان کی بہن الویرا اور بہنوئی اتل اگنی ہوتری کررہے ہیں۔
اس فلم میں 60 سال کا دور دکھایا جائے گا جس میں سلمان خان پانچ الگ انداز میں نظر آئیں گے۔
سلمان خان کی فلم ’بھارت‘ کی شوٹنگ کا آغاز ہو چکا ہے۔
خیال رہے کہ پرینکا چوپڑہ نے سلمان خان کے ساتھ علی عباس ظفر کی فلم ‘بھارت’ چھوڑ دی ہے۔
ہدایت کار علی عباس ظفر نے ٹوئٹر پر اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا: ‘یہ سچ ہے کہ پرینکا نے ‘بھارت’ فلم چھوڑ دی ہے اور جس وجہ سے فلم چھوڑی ہے وہ بہت خاص ہے اور ہم پرینکا کے لیے بہت خوش ہیں۔’
علی عباس نے بہت ہی خوبصورت انداز میں نِک جونز کا نام بھی لیا۔