بلے بازی اور گیند بازی کے علاوہ فیلڈنگ بھی کرکٹ کا انتہائی اہم حصہ ہے۔ اپنی فیلڈنگ کے دم پر کئی کرکٹرس نے نام کمایا ہے ۔ جنوبی افریقہ کے جونٹی روڈس کا نام بھی اس میں شامل ہے ۔ جونٹی روڈس کے بعد ہرشل گبس ، یوراج سنگھ ، محمد کیف ، اے بی ڈویلیئرس جیسے بڑے بڑے فیلڈرس نے کرکٹ میں قدم رکھا اور ایک سے بڑھ کر ایک کیچ پکڑا ۔
یک روزہ میچوں میں سب سے زیادہ 192 کیچ پکڑنے کا ریکارڈ مہیلا جے وردھن کے نام ہے وہیں 210 ٹیسٹ کیچ پکڑ کر راہل دراوڑ نمبر ایک فیلڈر ہیں ، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ دنیا کا سب سے اونچا کیچ کس کھلاڑی نے پکڑا ہے ؟۔
دنیا کا سب سے اونچا کیچ پکڑنے کا ریکارڈ انگلینڈ کے ایک انجان کھلاڑی کرسٹن باومگاٹرنر کے نام ہے ۔ برطانیہ کے ونڈسر کرکٹ کلب کے کپتان کرسٹن نے سال 2016 میں 2013 فٹ اونچا کیچ پکڑا تھا ۔ یہ ریکارڈ انہوں نے 30 نومبر 2016 کو توڑ ڈالا تھا ۔ کرسٹن کا یہ ریکارڈ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی درج ہے ۔ کرسٹن سے پہلے یہ ریکارڈ انگلینڈ کے سابق کپتان ناصر حسین کے نام تھا ، جنہوں نے سال 2016 میں 150 فٹ اونچا کیچ پکڑا تھا۔
کیسے بنا ریکارڈ ؟
سب سے اونچے کیچ کے دوران ریکارڈ کیلئے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی ٹیم کرکٹ کی گیند کو ڈرون کے ذریعہ ہوا میں لے گئی اور پھر اسے وہاں سے نیچے چھوڑا۔ اتنی اونچائی سے گیند چھوڑنے کے بعد وہ ہوا میں سوئنگ بھی ہوئی ، لیکن کرسٹن نے گیند کو پکڑ لیا ۔ حالانکہ اس دوران انہوں نے گلووس پہن رکھا تھا۔