لکھنٔو: اترپردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے دریائے گنگا کو صاف و شفاف بنانے کے مقصد سے افسران کو ایسے انتظام کرنے کے احکامات دیئے ہیں جس سے 15 دسمبر کے بعد گنگا میں کسی بھی طرح کے نالوں کا آلودہ پانی گنگا میں نہ گرے ۔
مسٹر یوگی نے منگل کی شام یہاں اسٹیٹ پولوشن کنٹرول بورڈ کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گنگا میں گرنے والے سبھی نالوں کا 15 دسمبر سے قبل تٖصفیہ کرتے ہوئے یہ یقینی بنایا جائے کہ مقررہ معیاد کے بعد گنگا میں کسی بھی طرح کی گندگی داخل نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ سیوریج اور دیگر آلودگی پھیلانے والی فیکٹریوں کے ٹریٹمنٹ کے لئے قائم کئے جارہے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ (ایس ٹی پی) مقررہ معیاد کار سے قبل مکمل کرلئے جائیں، جس سے ندیوں میں سیوریج کی آلودگی داخل نہ ہوسکے نیز کنبھ میں شردھالوؤں کو اسنان کے لئے صاف و شفاف پانی دستیاب ہوسکے ۔انہوں نے کہا کہ سیوریج اور دیگر آلودہ پانی کے ٹریٹمنٹ کے لئے قائم کئے جارہے ایس ٹی پی طے شدہ وقت سے قبل مکمل کرلئے جائیں اور ندیوں میں سیور کا آلودہ پانی نہ پہنچ سکے ۔ متعلقہ افسران 15 دسمبر کے بعد گنگا میں صاف و شفا پانی کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔وزیراعلی نے اگلے برس پریاگ کنبھ میلے کے دوران صفائی پر خاص تجہ دینے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ میلے میں ہونے والی گندگی کا فوری طور پر نپٹارہ کیا جائے ۔ انہوں نے ایس ٹی پی کی تعمیر وغیرہ سے متعلق پروجیکٹوں کی ہفتہ وار مانیٹرینگ کا بھی حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ ندیوں کو صفاو شفاف بنانا ضروری ہے کیونکہ یہ پانی کے علاوہ قدرت کی ایک بڑی دین ہے ۔ اس کے علاوہ یہ ہماری زندگی کی بنیاد بھی ہے اور ہمارے ماحولیات کے لئے انتہائی ضروری بھی ہے ۔