نئی دہلی: سری لنکا کے صدر میتري پالا شري سینا اور ہندوستان میں امریکی سفیر کین جسٹر نے تمل ناڈو کے سابق وزیر اعلی اور ڈی ایم کے کے صدر ایم کروناندھی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔
سری لنکا کے صدر کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے ”سابق وزیر اعلی اور سینئر سیاستدان کروناندھی کے انتقال پر مجھے بہت دکھ پہنچا ہے اور میری تمام ہمدردیاں ان کے گھروالوں اور پارٹی کارکنوں کے ساتھ ہے ”۔قابل غور ہے کہ 30 جولائی کو سری لنکا سے آئے ایک وفد نے چنئی جاکر مسٹر کروناندھی کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کی تھی۔ ہندوستان میں امریکی سفیر مسٹر جسٹر نے بھی ڈی ایم کے رہنما کے انتقال پررنج وغم کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے ٹویٹ کر کے کہا ہے ”ہنددستان میں امریکی مشن کی جانب سے میں، سابق وزیر اعلی مسٹر کروناندھی کے سوگوار لواحقین اور تمل ناڈو کے عوام سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ انہوں نے عوام کی خدمت کیلئے اپنی تمام زندگی وقف کردی ، وہ طویل عرصے تک یاد کئے جائیں گے ”۔
دریں اثنا، کیتھولک بشپس کانفرنس آف انڈیا (سي بي سي آئی) نے ایم کروناندھی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈی ایم کے کے سربراہ نے ہمیشہ مسیحی برادری اور اس کی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ سي بي سي آئی نے ایک بیان میں کہا”ہم ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں اور عیسائی فرقہ اور اس کے کام کاج کو دی گئی حمایتوں اور ترغیبات کے لئے ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔بیان میں کہا گیا، “عظیم ذہانت اور بہترین کارکردگی کے ساتھ اس عظیم دراوڑ سرخیل نے سیاست کو نیا پیمانہ دیا۔ انھوں نے گزشتہ چند دہائیوں میں تمل ناڈو میں عام آدمیوں کو اوپر اٹھانے کے لئے سخت محنت کی”۔بیان میں کہا گیا کہ ہم اس شخصیت کو طویل عرصہ تک پیار کے ساتھ یاد کریں گے ۔ 2001-1969کی مدت کے دوران پانچ بار ریاست کے وزیر اعلی رہے ‘کلیگنر ‘نے اپنے کام سے لاکھوں کے دل میں ایک خاص جگہ بنائی تھی۔