کرونا ندھی کے آخری رسوم کے لئے مرینا ساحل پر دراس ہائی کورٹ سے منظوری ملتے ہی ڈی ایم کے کارکنان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی تو وہیں ان کے بیٹے اور سیاسی وارث اسٹالن کی آنکھوں سے آنسو چھلک گئے۔
تمل ناڈو کے سابق وزیراعلیٰ اور ڈی ایم کے سربراہ ایم کرونا ندھی کی آخری رسوم ادائیگی چنئی کے مشہور مرینا سمندرپر ہی ہوگا۔ مدراس ہائی کورٹ کے کارگزار چیف جسٹس نے اس کی اجازت دے دی ہے۔ اس دوران راجا جی کے باہر بھگدڑ ہونے سے دو لوگوں کی موت ہوگئی ہے جبکہ 40 لوگں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
ہائی کورٹ کا یہ فیصلہ سنتے ہی راجا جی ہال کے باہر جمع ہزاروں ڈی ایم کے کارکنان میں خوشی کی لہردوڑگئی۔ وہیں کروناندھی کے بیٹے اوران کے سیاسی وارث اسٹالن کی آنکھوں سے آنسو چھلک گئے۔
کروناندھی کے آخری دیدار کے لئے امنڈا ہجوم، بھگدڑ مچنے سے دو لوگوں کی موت، 40 سے زائد زخمی
دراصل اپنے لیڈرکے آخری دیدار کے لئے راجا جی ہال کے باہر پارٹی حامیوں کا بھاری ہجوم لگا رہا، جو کسی بھی طرح دیدار کرنے کے لئے بے قرار تھے۔ اس دوران پولیس کو بھیڑ پر قابوپانے کے لئے لاٹھی چارج کرنا پڑا۔
دوسری طرف ایم کے اسٹالن نے پارٹی کارکنان اور حامیوں سے پرامن ماحول بنائے رکھنے کی اپیل کی۔ اسٹالن نے اس کے ساتھ کہا کہ پولیس ہمیں سیکورٹی دے یا نہیں، لیکن میں آپ کے پیر پکڑ کر گزارش اور اپیل کرتا ہوں کہ پرامن ماحول بنائے رکھتے ہوئے دھیرے دھیرے یہاں سے ہٹ جائیں۔
دراصل کروناندھی کو دفن کرنے کے لئے مرینا سمندرپر جگہ کا مطالبہ کیا تھا، لیکن ریاستی حکومت نے اس سے انکار کردیا، جس کے بعد پارٹی نے مدراس ہائی کورٹ میں اپیل کی۔ ان کی عرضی پر ہائی کورٹ میں صبح 8 بجے سے ہی سماعت جاری تھی، جس کے بعد عدالت نے مرینا ساحل پردفن کرنے کی اجازت دے دی۔ سرکاری وکیل نے جہاں پروٹوکول اور تاریخ کا حوالہ دیا، وہیں ڈی ایم کے کے وکیلوں نے اسے لوگوں کے جذبات سے جوڑکرپیش کیا۔
واضح رہے کہ تمل ناڈو کے 5 بار کے وزیراعلیٰ رہے 94 سالہ ایم کروناندھی کا گزشتہ روز منگل کو چنئی کے کاویری اسپتال میں انتقال ہوگیا تھا۔ یو ٹی آئی سے متاثرہ 94 سالہ ایم کرونا ندھی کو کچھ دن پہلے ہی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ان کے جسد خاکی کو راجا جی ہال میں رکھا گیا۔ صدر جمہوریہ، نائب صدر جمہوریہ اور وزیراعظم سمیت تمام لیڈروں نے خراج عقیدت پیش کیا۔ وہیں تمل ناڈو حکومت نے ان کے انتقال پر 7 دن جبکہ کرناٹک حکومت نے ایک دن کے ریاستی سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔
اس سے قبل کانگریس صدر راہل گاندھی، دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال، سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو، آرجے ڈی لیڈر تیجسوی یادو وغیرہ نے پہنچ کر خراج عقیدت پیش کیا۔