سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے اونتی پورہ میں جمعہ کے روز جنگجوؤں کی طرف سے کئے گئے گرینیڈ حملے میں چار عام شہری زخمی ہوئے ۔ ان میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ۔
حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوئے ۔ کشمیر زون پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاونٹ پر ایک ٹویٹ میں کہا ‘اونتی پورہ میں جنگجوؤں کی طرف سے گرینیڈ داغا گیا۔ اس میں ایک شہری شدید طور پر زخمی ہوا’۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جنگجوؤں نے جمعہ کو دوپہر کے وقت ایس پی اونتی پورہ کے دفتر کو نشانہ بناکر گرینیڈ داغا۔
انہوں نے بتایا ‘اس کے پھٹنے سے چار عام شہری زخمی ہوئے ‘۔ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں کو علاج ومعالجہ کے لئے پبلک ہیلتھ سینٹر اونتی پورہ منتقل کیا گیا جہاں سے دو زخمیوں کو سری نگر منتقل کیا گیا۔ انہوں نے بتایا ‘ایک زخمی شہری کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ۔ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ‘۔