برطانوی جریدے کے مطابق سعودی عرب کے ولیعہد محمد بن سلمان کی غلط اور غیر منطقی پالیسیوں کی بنا پر سعودی عرب بہت جلد تباہ ہوجائےگا۔
مہرخبررساں ایجنسی نے برطانوی مجلہ اکانومسٹ کے حوالے سےخبر دی ہے کہ اس جریدے نے سعودی عرب کے ولیعہد محمد بن سلمان کے مغربی اتحادیوں پر زور دیا ہے کہ وہ آگے بڑھ کر سعودی عرب کے نادان اور نا تجربہ کارولیعہد کو سمجھائیں کہ وہ سعودی عرب کوتباہ کرنے والی پالیسیوں کو ترک کردے اور اگر وہ ایسا نہیں کرسکتے تو کم سے کم سعودی عرب کے ولیعہد کو ہتھیاروں کی فروخت بند کردیں ۔
اکانومسٹ نے کینیڈا کے خلاف سعودی عرب کے ولیعہد کے اچانک رویہ کو ناقابل قبول قراردیتے ہوئے کہا کہ محمد بن سلمان کی پالیسیاں غیر سنجیدہ اور تباہی پر مبنی ہیں ۔
اکانومسٹ کی رپورٹ کے مطابق محمد بن سلمان کے غصہ سے کینیڈا کو کوئی نقصان نہیں پہنچےگا لیکن سعودی عرب کے بیماروں اور طلباء کو محمد بن سلمان کی غلط پالیسیوں سے کافی نقصان پہنچےگا ۔
اکانومسٹ کے مطابق سعودی عرب کی فائل سنگین جرائم سے بھری پڑی ہیں جن میں یمن پر سعودی عرب کی جارحیت، قطر کے خلاف سعودی عرب کی سفارتی، بری ، بحری اور فضائی پابندیاں ، عراق اور شام میں سعودی عرب کی مداخلت اور دہشت گردوں کی حمایت جیسے سنگین اقدامات اورجرائم شامل ہیں۔