برگنچھو پیک پر تاریخ میں پہلی بار امام رضاؑ اور حضرت عباس، علمدار کربلا (ع) کے نام کا علم لہرا دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے شمالی علاقےاسکردو سے تعلق رکھنے والے معروف کوہ پیماء نذیر سدپارہ نے 6250 میٹر بلند کوہ قراقرم کے پہاڑی سلسلے میں واقع برگنچھو پیک پر حضرت امام رضاؑ اور حضرت عباس علمدار کربلا (ع) کے نام کا علم لہرادیا۔
نذیر سدپارہ نے برگنچھو پر حضرت امام رضاؑ اور حضرت عباس علمدار کربلا (ع)کے نام کا پرچم لہرانے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔ محمد نذیر سدپارہ دنیا کے وہ خوش نصیب انسان ہیں جنہوں نے اس سے قبل دنیا کی بلند چوٹیوں پر پاکستان کے سبز ہلالی پرچم کے ساتھ ساتھ علم حضرت عباسؑ بھی لہرانے کی سعادت حاصل کی ہے۔ ان کے علاوہ سدپارہ ہی سے تعلق رکھنے والے معروف کوہ پیماء حسن سدپارہ دنیا میں پہلی بار دنیا کی پہلی بلند چوٹی ماونٹ ایوریسٹ پر علم حضرت غازی عباسؑ لہرا چکے ہیں۔
برانگچھو پیک پر حضرت امام رضاؑ اور حضرت عباس علمدار کربلا (ع) کے نام کا پرچم لہرانے والے کوہ پیماء نذیر سدپارہ 1982ء میں اسکردو سدپارہ میں پیدا ہوئے اور انہوں ںے باقاعدہ کوہ پیمائی کا آغاز 2009ء سے کیا۔ ان کے سات بھائی ہیں، جن میں سے دو کوہ پیمائی میں ہی جان گنوا چکے ہیں۔
محمد نذیر سدپارہ کے مطابق انہوں نے اب تک آٹھ ہزار میٹر سے بلند پانچ چوٹیاں، سات ہزار میٹر سے بلند تین پہاڑی چوٹیاں، 5 ہزار سے بلند کوئی آٹھ پہاڑی چوٹیوں کو سر کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ محمد نذیر سدپارہ کی بھی آرزو ہے کہ وہ بھی ماونٹ ایورسٹ سمیت دنیا میں موجود آٹھ ہزار سے بلند تمام پہاڑی چوٹیوں پر علم غازی عباس لہرائے۔