نئی دہلی:نامور بزرگ صحافی کلدیپ نیئر کا کل دیر رات یہاں ایک اسپتا ل میں انتقال ہوگیا۔ وہ 95 برس کے تھے ۔ ان کی آخری رسومات جمعرات کو دوپہر ایک بجے لودھی گارڈن واقع شمشان گھاٹ میں ادا کی گئی۔ جس میں کثیر تعداد میں صحافی اور ن کے اہل خانہ نے شرکت کی۔
کلدیپ نیئرکی پیدائش 14 اگست 1923 میں پنجاب کے سیالکوٹ (اب پاکستان) میں ہوئی تھی۔ وہ ایک معروف صحافی، کالم نویس اور انسانی حقوق کے علم بردار تھے ۔ وہ برطانیہ میں ہندستان کے ہائی کمشنر بھی رہ چکے ہیں اور انہیں 1997 میں راجیہ سبھا کا ممبر بھی بنایا گیا۔ متعدد کتابوں کے مصنف رہ چکے مسٹر نیئر برسوں تک مرکزی حکومت میں پریس انفارمیشن افسر بھی رہے ۔ وہ خبر رساں ایجنسی یونائیٹیڈ نیوزآف انڈیا ، انگریز ی اخبار ڈان ایکسپریس اور اسٹیٹس مین سے بھی منسلک رہے ۔ انہوں نے لندن ٹائمز میں بھی بطور صحافی خدمات انجام دیں۔صحافت کے شعبہ میں قابل قدر خدمات انجام دینے والوں کو مسٹر نیئر کے نام سے ‘کلدیپ نیئر صحافت کا ایوارڈ’ بھی دیا جاتا ہے ۔ صحافتی دنیا میں ان کی بہترین خدمات کے لئے 2015 میں انہیں رام ناتھ گوئنکا سمرتی ایوارڈسے بھی سرفراز کیا گیا۔مسٹر نیئر گزشتہ کئی روز سے علیل تھے اور اسپتال میں داخل تھے ۔ ان کا کل تقریباً ساڑھے بارہ بجے انتقال ہوگیا۔