پاکستانی اداکار احسن خان بھی نئے ڈرامے ’الف‘ کی کاسٹ کا حصہ بن گئے، جس کا مداح بےصبری سے انتظار کررہے ہیں۔
اس ڈرامے کی ہدایات حسیب حسن دے رہے ہیں، جبکہ پروڈکشن ثنا شاہ نواز اور ثمینہ ہمایوں کررہی ہیں۔ ڈرامے میں حمزہ علی عباسی، نعمان اعجاز، کبریٰ خان اور سجل علی جیسے نامور اداکار بھی موجود ہیں۔
احسن خان کا ڈان سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’اس ڈرامے کی کہانی بےحد خوبصورت ہے، اب تک کسی پاکستانی ڈرامے میں ایسی کہانی کو پیش نہیں کیا گیا ہوگا، یہ آپ کو ایک ایسی دنیا میں لے جائے گی جو حقیقی نہیں، مجھے یقین ہے ڈرامے کے ہدایت کار حسیب اس کہانی کو کسی پینٹنگ کی طرح بنادیں گے، میں ڈرامے میں طحٰہ نامی لڑکے کا اہم کردار ادا کررہا ہوں، میرا کردار رومی سے متاثر ہے، وہ مصنف تو نہیں ہوگا لیکن اپنے خیالوں میں کھویا رہے گا، اس ڈرامے میں پانچ مرکزی کرداروں کو پیش کیا جائے گا اور یہ سب ہی کافی اہم ہوں گے‘۔