وراٹ کوہلی نے بھلے ہی انگلینڈ کے خلاف رنوں کا انبار لگادیا ہے ، لیکن ایک معاملہ میں انہیں بالکل زیرو بتایا جارہا ہے ۔ انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے وراٹ کوہلی پر نشانہ سادھتے ہوئے کہا ہے کہ بھلے ہی وراٹ نمبر ایک بلے باز ہیں ، لیکن ریویو لینے میں وہ پوری طرح سے فسڈی ثابت ہورہے ہیں ۔
مائیکل وان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وراٹ دنیا کے بہترین بلے باز ہیں ، لیکن وہ سب سے خراب ریویو لینے والے کپتان ہیں ۔ مائیکل وان نے ٹویٹر پر یہ بات اوول ٹیسٹ کے دوران کوہلی کی کپتانی دیکھ کر لکھی ۔ وراٹ نے صرف دو اوورس کے اندر غلط ریویو لے کر اپنے دونوں ریویوز گنوادئے ۔ وراٹ نے 10 ویں اوورس میں جیننگس اور 12 ویں اوور میں السٹر کک کے خلاف ریویو لیا اور دونوں ہی موقع پر فیصلہ ٹیم انڈیا کے خلاف گیا۔
صاف ہے کہ وراٹ کوہلی کو ریویو کے معاملہ میں دھونی کی کمی کا احساس ہورہا ہے ۔ یک روزہ کرکٹ میں دھونی وکٹ کیپر ہوتے ہیں اور ہر ڈی آر ایس فیصلہ میں ان کا بڑا ہاتھ ہوتا ہے ۔ یک روزہ میچوں میں وراٹ ہر ڈی آر ایس فیصلہ پر دھونی پر اعتماد کرتے ہیں ۔ دھونی ڈی آر ایس معاملہ میں زیادہ تر صحیح ثابت ہوتے ہیں اور شاید اسی لئے ڈی آر ایس کو لوگ دھونی ریویو سسٹم بھی کہتے ہیں ۔ وہیں ٹیسٹ کرکٹ میں دھونی کی غیر موجودگی وراٹ کوہلی کو کافی پریشان کررہی ہے اور ان کا زیادہ تر ریویو غلط ثابت ہورہا ہے ۔