لکھنؤ(نامہ نگار)علی گنج علاقہ میں واقع نوودیے اسکول میں تعینات چپراسی کی بیوی نے اپنے کمرے میں پھانسی لگا کر خود کشی کر لی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شادی شدہ عورت نے بیماری سے تنگ آکر اپنی جان دے دی۔ ایس پی ٹی جی حبیب الحسن نے بتایا کہ علی گنج کے سیکٹر سی کے رہنے والے رام بابو نوودیے اسکول میں چپراسی کے عہدے پر تعینات ہیں۔ ۹سال قبل اس کی کانپور کی رہنے والی ۳۹سالہ سادھنا سے شادی ہوئی تھی۔ ان کی سات سال کی ایک لڑکی ہے۔بتایا جاتا ہے کہ منگل کو رام بابو اسکول چلا گیا اس کے بعد سادھنا اپنے کمرے میں چلی گئی اور دروازہ بند کر کے چھت میں لگے کنڈے میں ساری کے سہارے لٹک کر جان دے دی۔ تھوڑی دیر بعد جب اس کی لڑکی اس کو تلاش کرتی ہوئی کمرے کے پاس پہنچی تو دیکھا کہ دروازہ بند ہے آواز دینے کے باوجود جب کوئی جواب نہ ملا تو اس نے خاندان کے دیگر افراد کو بلا لیا۔خاندان کے لوگوں نے دروازہ توڑا تو دیکھا
کہ سادھنا کی لاش کنڈے میں لٹک رہی ہے۔ اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچی علی گنج پولیس نے تحقیقات کے بعد سادھنا کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ انسپکٹر علی گنج پی کے جھا نے بتایا کہ سادھنا کافی عرصہ سے مائیگرین کی بیماری میںمبتلا تھی۔ اسی وجہ سے اس نے خود کشی کر لی۔علی گنج پولیس نے سادھنا کے میکے والوں کو بھی اطلاع دے دی ہے۔