سعودی کابینہ نے منگل کے روز روس کے ساتھ خلا نوردی کے میدان میں تعاون اور اس شعبے کے پُر امن مقاصد کے استعمال سے متعلق معاہدے کی منظوری دے دی۔
سعودی کابینہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ “مملکت میں توانائی، صنعت اور معدنی دولت کے وزیر کی رائے سے آگاہ ہونے اور مجلسِ شوری کی مؤرخہ 20 شوال 1439 ہجری کی قرار داد نمبر (190 / 48) پر غور کے بعد کابینہ نے مملکتِ سعودی عرب اور روس کی حکومتوں کے درمیان ایک معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔
اس سمجھوتے کے تحت خلانوردی کے میدان میں تعاون عمل میں آئے گا اور اس شعبے کو پر امن مقاصد کے لیے استعمال میں لایا جائے گا”۔
سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی SPA کے مطابق اس سلسلے میں ایک شاہی فرمان تیار کر لیا گیا ہے۔