لکھنؤ : ’مجلس غم ہے شاہ ہدیٰ کی، آج پہلی ہے ماہ عزا کی‘ پہلی محرم کو آصفی امام باڑہ سے برآمد موم کی شاہی ضریح کے جلوس میں شہنائی پر بجتی ماتمی دھن عزاداروں کو ایام عزا کے آغاز کی خبر دینے کے ساتھ ہی غمگین کر رہی تھی۔ آصفی امام باڑہ سے شاہی شان و شوکت سے برآمد ہوا جلوس رومی گیٹ، گھنٹہ گھر، ستکھنڈاکے سامنے سے ہوتا ہوا دیر رات حسین آباد واقع چھوٹے امام باڑہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا جہاں دیر تک عقیدت مندوں نے جلوس میں شامل تبرکات کی زیارت کی اور دعائیں مانگیں۔ جلوس میں بڑی تعداد میں شامل عقیدت مندوں کی نم آنکھیں ماہ غم کے آغاز کا پتہ دے رہی تھیں۔
حسین آباد اینڈ ایلائڈ ٹرسٹ کی جانب سے بدھ کی شام آصفی امام باڑہ سے موم کی شاہی ضریح کا جلوس برآمد ہوا۔ جلوس سے قبل امام باڑہ میں ہوئی مجلس کو مولانا محمد علی حیدر نے خطاب کیا۔ مجلس کو خطاب کرتے ہوئے مولانانے ایام عزا کے آغاز اور ایام عزا کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ مجلس کے بعد امام باڑہ کیمپس میں گشت کرتے ہوئے جلوس برآمد کیا گیا۔ جلوس میں آگے آگے شہنائی پر بجتی ماتمی دھن سن کر عزادار غمگین ہو اٹھے۔
جلوس میں شامل بینڈ بھی ماتمی دھن بجا رہے تھے اور مرثیہ خواں امام حسین کی مدینہ سے رخصتی کے حال کے مرثیہ پڑھ رہے تھے جسے سن کر عقیت مندوں کی آنکھیں نم ہو گئیں۔ جلوس میں آگے آگے ہاتھی و اونٹوں پر شاہی نشان تاج، شیر دہاں، ماہی، سورج چاند اور رنگ برنگے جھنڈے لئے لوگ بیٹھے تھے جس کے پیچھے ماتمی بینڈ، چوب دار، امام حسین کے بھائی حضرت عباس کی نشانی علم لئے لوگ چل رہے تھے۔ جلوس میں شامل موم کی شاہی ضریح، ابرق کی ضریح اور امام حسین کی سواری کی نشانی ذوالجناح کی زیارت کر کے عقیدت مندوں نے دعائیںمانگیں۔
جلوس کے راستہ میں سڑک کے دونوں جانب بڑی تعداد میں عقیدت مند جلوس کا انتظار کرتے کھڑے تھے ۔ جیسے ہی جلوس نزدیک پہنچتا عقیدت مند جلوس میں شامل تبرکات کی زیارت کرتے اور دعائیں مانگتے۔ اپنے مقررہ راستوں رومی گیٹ، گھنٹہ گھر، ستکھنڈا کے سامنے سے ہوتا ہوا جلوس دیر رات چھوٹے امام باڑہ پہنچا جہاں دیر تک عقیدت مندوں نے جلوس میں شامل تبرکات کی زیارت کی اور دعائیں مانگیں۔
جلوس میں سبیلوں کا انتظام:- جلوس میں دور دراز سے آئے عزاداروں کیلئے سڑک کے دونوں جانب چائے، کافی، تبرک اور پانی کی سبیلوں کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔ آصف الدولہ پارک سے لیکر گھنٹہ گھر اور چھوٹے امام باڑہ تک کئی چائے پانی اور تبرک کی سبیلیں لگائی گئی تھیں۔ اس کے علاوہ حسین آباد ٹرسٹ کی جانب سے بھی جلوس میں چائے و پانی کی سبیل لگائی گئی۔