لکھنؤ(نامہ نگار)حج کی تیاریاں شروع ہوتے ہی ریاستی حج کمیٹی کے دفتر میں بدانتظامی کا دوردورہ شروع ہو گیا۔ حج فارم ملنے کے بعد ان کو جمع کرنے کیلئے درخواست دہندگان کو ادھر ادھر بھٹکنا پڑ رہا ہے۔ یہاںآنے کے بعد عازمین حج کو درخواست فارم حاصل کرنے کیلئے پوچھ گچھ کرنا پڑ رہی ہے۔حالت یہ ہے کہ عازمین حج کے رجسٹریشن کیلئے ملنے والے فارم کی تقسیم کی ذمہ داری حج کمیٹی کے افسران نے حفاظتی گارڈوںکے سپرد کر دی ہے۔ فارم ملنے سے قبل ایک پرچی لینا ہوتی ہے جسے تقسیم کرنے کا کام وہاں کا گارڈ انجام دیتا ہے۔ فارم تقسیم کرنے والا گارڈ فارم کی پرچی تقسیم کرنے کے علاوہ گاڑیوں کو لائن میں کھڑا کرنے کی خدمت بھی انجام دیتا ہے۔ جب اس سلسلہ میں حج کمیٹی کے سکریٹری سلطان احمد سے رابطہ قائم کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ فی الحال میں باہر ہوں واپس آکر نظام کو درست کر دوںگا۔