نئی دہلی : ملک میں پٹرول اور ڈیزل کے دام آج پھر سے بڑھ کر مہنگائی کے نئے ریکارڈ سطح پر پہنچ گئے ۔ ملک کی سب سے بڑی تیل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن سے موصولہ معلومات کے مطابق چار بڑے شہروں دہلی، کولکاتہ، ممبئی اور چنئی میں پٹرول کی قیمتوں میں 27 پیسے سے 30 پیسے اور ڈیزل کی 22 پیسے سے 24 پیسے فی لیٹر تک اضافہ ہوا۔
قومی دارالحکومت دہلی میں پٹرول 28 پیسے بڑھ کر 81.28 روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا۔ ڈیزل 22 روپے مہنگا ہوکر جمعہ کو 73.30 روپے فی لیٹر فروخت ہوا۔
ملک کے تجارتی دارالحکومت ممبئی میں پٹرول کی قیمت 28 پیسے اور ڈیزل کے 24 پیسے بڑھی اور ان کی قیمتیں بالترتیب 88.67 روپے اور 77.82 روپے فی لیٹر درج کی گئیں۔ کولکاتہ میں پٹرول 27 پیسے مہنگا ہوکر 83.14 روپے اور ڈیزل 22 پیسے بڑھ کر 75.15 روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا۔ چنئی میں پٹرول کی قیمت میں 30 پیسے اور ڈیزل کی 24 پیسے اضافہ ہوا۔