ہیلی فیکس : انٹرنیشنل کونسل آف ایئر پورٹس ( اے سی آئی) نے دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے اور ممبئی کے چھترپتی شیواجی بین الاقوامی ہوائی اڈے کو خدمت کے معیار کے لحاظ سے مشترکہ طور پر دنیا کے سب سے بہترین ہوائی اڈے قرار دیا ہے ۔
انٹرنیشنل کونسل نے بدھ کے روز یہاں منعقد ہ تقریب میں 2017 کی کارکردگی کی بنیاد پر مختلف زمروں میں ہوائی اڈوں کو اعزاز سے نوازا۔ جن میں ہندوستان کے 11 ہوائی اڈے شامل ہیں۔ دہلی اور ممبئی ہوائی اڈوں کو سالانہ چار کروڑ سے زیادہ مسافروں کی آمد و رفت والے ہوائی اڈوں میں دنیا کے بہترین ہوائی اڈہ منتخب کیا گیا ہے ۔ یہ ایوارڈ ہوائی اڈوں کی خدمت کے معیار کی بنیاد پر دیا جاتا ہے ۔ کونسل نے بتایا کہ اس بار کی فہرست میں 15 نئے ہوائی اڈے شامل ہیں۔ بیس لاکھ سے کم مسافروں کی آمد و رفت والے ہوائی اڈوں میں اندور کو نوازا گیا ہے ۔ بیس سے 50 لاکھ مسافروں کے زمرے میں لکھنؤ کو پہلا مقام دیا گیا ہے ۔ حیدرآباد ہوائی اڈے کو 50 لاکھ سے ایک کروڑ 50 لاکھ مسافروں کے زمرے میں بہترین قرار دیا گیا ہے جبکہ اسی زمرے میں کوچین، کولکاتہ اور پونے کے ہوائی اڈوں کو مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن پر رکھا گیا ہے ۔