لندن:غیر ملکی خبر رساں ادارہ ‘دی گارجین’ کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں جتنی خواتین خودکشی کرتی ہیں ان میں سے تقریبا 40 فیصد کا تعلق ہندوستان سے ہے ۔
یہ اعدادوشمار طبی جریدے لانسیٹ کی ایک تازہ تحقیق میں شائع ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان میں ہر ایک لاکھ خواتین میں سے 15 خودکشی کرتی ہیں جو دنیا میں پائے جانے والے اعدادوشمار کا دوگنا ہے ۔
دوسری جانب دنیا میں اوسط ہر ایک لاکھ میں سے 7 خواتین خودکشی کرتی ہیں جبکہ مردوں کے خودکشی کرنے کے معاملے میں ہندوستان کی شرح 24 فیصد ہے ۔
اس تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہندوستان میں خودکشی کرنے والی خواتین میں سے 71.2 فیصد کی عمریں 15 سے 39 سال کے درمیان ہوتی ہے ۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ خودکشی کرنے والی خواتین میں سے زیادہ تر خواتین کی تعداد شادی شدہ ہوتی ہیں۔
ہندوستان کے آبادی فاؤنڈیشن کی ایگزیکٹیو ڈائرکٹر پونم متریجہ کا کہنا تھا کہ’ ‘یہ تحقیق ثابت کرتی ہے کہ ہندوستان میں لڑکیوں کو پریشانی کا سامنا ہے ”۔
پونم سمیت دیگر ماہرین نے اس کی وجہ قبل از عمر شادی کو ٹھہرایا اور کہا کہ اب بھی ہر 5 میں سے ایک ہندوستانی لڑکی کی شادی 15 سال سے کم عمر میں ہوتی ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان میں خواتین کو مردوں کے تشدد کا بھی سامنا رہتا ہے جس کی وجہ سے بھی خودکشی کے واقعات رونما ہوتے ہیں۔
پونم کا کہنا تھا کہ ”ہمارے سماجی روایات میں جارحانہ پن بھی شامل ہے ”۔