لکھنؤ ۔ ( نامہ نگار) راجدھانی کے گومتی نگر علاقے میں ۸۲ ؍جنوری کی رات ہسٹری شیٹر آشیش مشرا اور سپاہی کے بیٹے روہت کے قتل کا راز فاش کرنے کا دعویٰ آج راجدھانی کی کرائم برانچ نے کیا ہے ۔ پولیس نے اس دوہرے قتل کی سازش میں شامل ایک
ملزم کو گرفتار کیا ہے ۔ پکڑا گیا ملزم خود کو الہ آباد ہائی کورٹ کا وکیل بتا رہا ہے ۔
ایس ایس پی پروین کمار نے بتایا کہ دوہرے قتل کے معاملے میں تفتیش کر رہی کرائم برانچ کی ٹیم نے سرویلانس اور مخبر کی مدد سے امبیدکر میدان کے نزدیک سے الہ آباد کے انکت دوبے کو گرفتار کیا ہے ۔ ابتدائی پوچھ گچھ میں اس نے خود کو ہائی کورٹ کا وکیل بتاتے ہوئے پولیس کو رعب میں لینے کی کوشش کی لیکن جب پولیس نے اس کے سامنے جمع کئے گئے ثبوت رکھے تو اس نے ہسٹری شیٹر آشیش اور روہت کا قتل کرنے کا اعتراف کر لیا ۔ ملزم انکت نے بتایا کہ اس دوہرے قتل میں الہ آباد کے وکیل آشیش مشرا عرف موگلی ، گونڈہ کے سمت شکلا اور الہ آباد کے انوج سنگھ شامل تھے ۔ انکت کے اس انکشاف کے بعد پولیس کی ایک ٹیم دیگر مفرور ملزمان کی تلاش میں الہ آباد بھیجی گئی لیکن وہ گرفت میں نہیں آئے ۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ ملزم موگلی کے گھر سے پولیس نے واردات میں استعمال سوئفٹ ڈیزائر کار برآمد کرلی ہے ۔ ایس ایس پی پروین کمار نے بتایا کہ اس قتل واردات کی پوری سازش موگلی نے رچی تھی ہسٹری شیٹر اپنے مقدموں کی پیروی کیلئے موگلی کے والد اور بھائی سے ملتا رہتا تھا دونوں ہی لوگ پیشے سے وکیل ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ نینی جیل میں بند قتل کے ملزم غلام رسول نے جنوری میں ہسٹری شیٹر آشیش سے اپنی ضمانت کی بات کہی تھی ۔آشیش نے غلام رسول سے ضمانت کرانے کیلئے دو لاکھ ۵۵ ہزار روپئے اور ایک ٹاٹا سفاری گاڑی لے لی تھی ۔
غلام رسول کی ضمانت کاکام آشیش نے موگلی کو دیا تھا اور اس کو ایک لاکھ روپئے بھی دئے تھے ۔ روپئے دینے کے بعد بھی غلام رسول کی ضمانت نہیں ہوئی اس بات پر ہسٹری شیٹر آشیش کا موگلی سے جھگڑا ہوا تھا آشیش نے موگلی اور اس کے بھائی کو جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی تھی ۔ آشیش کی دھمکی کی وجہ سے موگلی نے اس کو ایک لاکھ روپئے کے بدلے ساٹھ ہزا ر روپئے واپس کر دئے تھے ۔ دوسری جانب غلام رسول کی ضمانت نہ ہونے پر ہسٹر شیٹر آشیش اور غلام رسول کے درمیان بھی من مٹائو ہوگیا تھا ملزم موگلی کو محسوس ہونے لگا تھا کہ ملزم آشیش اس کے اور اس کے کنبہ کیلئے خطرہ بن گیا ہے اس کے بعد موگلی نے مل کر ہسٹری شیٹر آشیش کے قتل کی سازش تیار کی اور منصوبہ کے مطابق سبھی ملزم برآمد کی گئی کار سے ۸۲ جنوری کی رات ہسٹری شیٹر کے گھر پہونچے ۔ پہلے انکت دوبے اس کے گھر پہونچا جبکہ دیگر ملزم باہر ہی رہے انکت نے ہسٹری شیٹر کے گھر کا دروازہ کھلوایا اور اندر پہونچا کچھ ہی دیر بعد وہ دروازہ بند کرنے کے بہانے گھر سے باہر نکلا اور باقی ملزم موگلی ، سمیت اور انوج گھر میں داخل ہوگئے ان لوگوں نے آشیش اور روہت کا گولیوں سے بھون کر قتل کردیا ۔ واردات کے بعد ملزمان نے آشیش اور روہت کا موبائل فون اٹھایا اور پھر سلطان پور ہوتے ہوئے الہ آباد فرار ہوگئے ۔ راستے میں ہی ملزمان نے آشیش اور روہت کا موبائل فون بھی پھینک دیا ۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ پکڑے گئے ملزم انکت اور اس کے مفرور ساتھیوں کے خلاف بھی الہ آباد ضلع میں کئی مجرمانہ معاملے درج ہیں ۔