نئی دہلی، 5 فروری (یو این آئی) عام آدمی پارٹی سے برطرف ممبر اسمبلی ونود کمار بنی نے وزیراعلی اروند کیجریوال پر آج پھر حملہ کیا اور الزام لگایا کہ انہوں نے کئی مواقع پر جھوٹ بولا ہے۔لکشمی نگر سے ممبر اسمبلی مسٹر بنی نے کہا کہ وزیراعلی کئی مواقع پر جھوٹ بول چکے ہیں اور انہیں عہدہ پر رہنے کا کوئی حق نیہں ہے۔مسٹر بنی کا یہ حملہ ان خبروں کے بعد ہوا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مسٹر کیجریوال کی طرف سے خط لکھ کر بھگوان داس روڈ پر دو بنگلوں کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ میڈیا میں ان دونوں بنگلوں کے حوالے سے وزیوراعلی کی نکتہ چینی کی گئی تھی اور تنازع کے بعد انہوں نے اسے لینے سے انکار کردیا تھا۔
رپورٹوں کے مطابق وزیراعلیٰ کے سکریٹری راجندر کمار نے 30 دسمبر کو لفٹننٹ گورنر نجیب جنگ کو خط لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ وزیراعلیٰ نے بھگوان داس روڈ پر واقع فلیٹ 7۔6 اور 7۔7 کو الاٹ کرنے کی درخواست کی ہے۔ یہ دونوں ڈپلکس بنگلے دہلی ڈی ڈی اے کے تحت تھے۔لفٹننٹ گورنر نے ان بنگلوں کو الاٹ کرنے کی وزیراعلیٰ کی درخواست اسی دن منظور کرلی تھی۔مسٹر بنی نے کہا کہ وزیراعلیٰ جن لوک پال بل کو منظور کرانا ہی نہیں چاہتے ہیں وہ اسے لے کر صرف سیاست کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ صرف انا ہزارے والے لوک پال کو منظور کرانے میں تعاون کریں گے۔پارٹی سے برطرف ممبراسمبلی نے کہا وہ حکومت سے حمایت واپس لے رہے ہیں اور لفٹننٹ گورنر سے ملاقات کرکے اپنے فیصلے سے انہیں آگاہ کرائیں گے۔