نئی دہلی : قدیم نوادرات یادگاروں کے رکھ رکھاؤ کی ذمہ داری سنبھالنے والا آرکالوجیکل سروے آف انڈیا ( اے ایس آئی) پرانا قلعہ میں ایک میوزیم بنانے والا ہے جہاں مقامی کھدائی میں ملنے والے باقیات کے علاوہ بیرون ملک سے واپس لائے گئے فن پارے اور مجسمے بھی رکھے جائیں گے ۔
اے ایس آئی کی ڈائرکٹر جنرل اوشا شرما نے بدھ کی رات یہاں ایک پروگرام میں بتایا کہ پرانا قلعہ میوزیم میں پرانا قلعہ کے آس پاس کھدائی سے ملنے والے باقیات کو نمائش کے لئے رکھا جائے گا۔ اس کے علاوہ بیرون ملک سے ملک واپس لائے گئے کچھ نادر فن پاروں کوبھی میوزیم میں جگہ دی جائے گی۔مسز شرما نے بتایا کہ میوزیم میں الگ سے ایک حصہ بیرون ملک سے حاصل نوادرات اور فن پاروں کے لئے مختص ہو گا۔ اس میوزیم کو بنانے کے منصوبے اس مہینے مکمل ہو جائیں گے اور اگلے ماہ میوزیم کا افتتاح کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ لال قلعہ کے اندر بھی پانچ میوزیم بنائے جائیں گے ۔ یہ میوزیم 1857 کی جنگ آزادی، سبھاش چندر بوس، شہیدوں اور جنگ عظیم کی تھیم پر مبنی ہوں گے ۔ ابھی لال قلعہ میں ایک میوزیم ہے ۔ملک بھر میں 3،686 آثار قدیمہ کے مقامات اور یادگار یں آرکالوجیکل سروے آف انڈیا کی نگرانی میں ہیں۔