کینیڈا نے میانمار کی لیڈر آنگ سان سو کی کی کو پیش کی گئی کینیڈا کی اعزازی شہریت کو واپس لے لیا ہے۔ ’فائنانشیل ٹائمز‘ کی رپورٹ کے مطابق کینیڈا نے یہ قدم سو کی کے ان کی فوج کی طرف سے روہنگیا ؤں پر ظالمانہ اور انسانیت سوز کارروائی سے انکار کئے جانے کے بعد اٹھایا ہے۔ سو کی یہ اعزاز گنوانے والی پہلی شخصیت بن گئی ہے۔
کینیڈا کی سینیٹ نے سو کی کو دئیے گئے علامتی احترام کے لئے شہریت منسوخ کرنے کے لئے متفقہ طور پر ووٹ دیا۔ گزشتہ ہفتہ ہاؤس آف کامنس میں بھی اس سلسلے میں متفقہ طور پر ووٹ دے کر یہ فیصلہ منظور کیا تھا۔
کینیڈا کے دونوں ایوانوں نے ستمبر میں منظور قرارداد میں روہنگیاؤں کے خلاف تشدد کو ’قتل عام‘ قرار دیا تھا۔ میانمار میں فوج کی بہیمانہ کارروائی گزشتہ سال شروع ہوئی تھی اور سات لاکھ روہنگیاؤں کو پڑوسی ملک بنگلہ دیش فرارہونے پر مجبور ہونا پڑا تھا۔ کینیڈا نے سو کی کو سال 2007 میں یہ اعزازی شہریت پیش کی تھی۔