لکھنؤ، 5 فروری (یو این آئی) حکومت اترپردیش نے آئندہ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر عوام کو ایک اور تحفہ دیتے ہوئے سرکاری اسپتالوں میں ہر طرح کی جانچ مفت دستیاب کرانے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعلی اکھلیش یادو کی زیرصدارت کابینہ کی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا۔کابینہ کے فیصلہ کے مطابق اب تمام سرکاری اسپتالوں میں خون، پیشاب اور بلغم سمیت ہرطرح کی جانچ مفت کی جائے گی۔ اس فیصلہ سے سماج کا ہرطبقہ مستفید ہوسکتا ہے۔اس سے قبل حکومت نے سرکاری اسپتالوں میں مفت ایکسرے کی سہولت دستیاب کرائی تھی۔حکومت نے 108 موبائل ایمبولینس سروس بھی شروع کی ہیجس میں فون کرنے پر علاج کے لئے گھر سے اسپتال لایا جاتا ہے جب کہ خواتین و اطفال کی شرح اموات روکنے کے لئے 102 ایمبولینس سروس بھی شروع کی گئی ہیں۔کابینہ نے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے سنسکرت یونیورسٹیوں سے ملحق 247انٹر او رڈگری کالجوں کو مالی امداد دینے کا فیصلہ کیا ہے۔اس کے تحت کم از کم پانچ ہزار اساتذہ اور ملازمین کو فیض پہنچے گا۔