عام انتخابات سے پہلے اتر پردیش میں سیاسی گھمسان شروع ہوگیا ہے۔ سماجوادی پارٹی سے شیوپال کے جانے کے بعد اب اعظم خان کے بھی جانے کی چرچا زوروں پر ہے۔ سوشل میڈیا پر اس سلسلہ میں پوسٹ بھی وائرل ہو رہے ہیں۔ سوشل میڈیا کی اس پوسٹ کو دیکھ کر ایس پی رہنماوں میں کھلبلی مچ گئی ہے۔
میرٹھ میں سماجوادی کارکنان ٹوئٹر پر وائرل ہو رہے اس پوسٹ کو لے کر پولیس کے پاس پہنچے۔ انہوں نے پولیس سے پوسٹ وائرل کرنے والے پر کارروائی کی مانگ کی ہے۔ ایس پی کی مانیں تو سوشل میڈیا کا غلط استعمال کر کے پارٹی کو بدنام کیا جا رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے پوسٹ کے جواب میں ایس پی کارکنوں نے اعظم خان کے پارٹی سے الگ ہونے کی قیاس آرائیوں پر لگام لگانے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیوپال بی جے پی کے اشارے پر سیاست کر رہے ہیں۔ ساتھ ہی اعظم خان کو بدنام کرنے کی سازش رچی جا رہی ہے۔ فی الحال پولیس نے اس معاملہ کی جانچ کا حکم دے دیا ہے۔ پوسٹ وائرل کرنے والے سے حقائق کی جانکاری لینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔