بولی وڈ اداکارہ نینا گپتا کے کیریئر پر نظر ڈالی جائے تو انہوں نے اپنے دور میں کئی مضبوط کردار ادا کیے، تاہم اداکارہ کا ماننا ہے کہ انہوں نے اپنے کیریئر کے عروج پر کام پر فوکس کرنے کے بجائے ساری اہمیت اپنے لیے اچھا ساتھی ڈھونڈنے کو دی جو ان کی بہت بڑی غلطی تھی۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اداکارہ نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ انہوں نے اپنے کام کی جانب سے دیہان ہٹا کر اپنا رشتہ بنانے کی خواہش کو زیادہ اہمیت دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں ہمیشہ سے اچھا کام کرنا چاہتی تھی اور مضبوط کرداروں کا حصہ بننا چاہتی تھی، لیکن آج جب میں اپنے ماضی کو دیکھتی ہں تو مجھے احساس ہوتا ہے کہ میں نے مردوں کو زیادہ فوقیت دی جو کہ میری بہت بڑی غلطی تھی، میرا سارا فوکس کیریئر سے ہٹ کر اپنے لیے اچھا ساتھی ڈھونڈنے میں لگ گیا، لیکن آج میں جانتی ہوں کہ خواتین کو مردوں کو اپنی زندگی میں توجہ کا مرکز نہیں بنانا چاہیے‘۔
نینا گپتا کا کہنا تھا کہ ’میں بہت اچھا کام کررہی تھی، لکھنے کے ساتھ ساتھ میں ہدایت کاری اور ڈراموں کی پروڈکشن بھی کررہی تھی، لیکن میں اپنی ذاتی زندگی میں جن مشکلات سے گزری ان کا بہت بڑا اثر میری پروفیشنل زندگی پر بھی پڑا‘۔