سعودی عرب کی خواتین ڈرائیونگ کی اجازت کے بعد اب ہاکی کھیلنے کے لیے لائسنس کی خواہش مند ہیں، جس کے بعد وہ سعودی عرب کی پہلی وومن ہاکی ٹیم ہونے کا اعزاز حاصل کرلیں گی۔
سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق کوچ سلطان سلاما کی نگرانی میں گزشتہ چند ہفتوں کی تربیت کے بعد سعودی عرب کی خواتین ہاکی کھیل کر تاریخ رقم کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
سلطان سلاما نے بتایا کہ ان کی ٹیم ہاکی کو بہت پسند کرتی ہے اور جنرل اسپورٹ اتھارٹی (جی ایس اے) کی جانب سے سرکاری لائسنس کے حصول کے لیے کوشش کررہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ’وہ چاہتی ہیں ان کی ہاکی ٹیم کی حمایت کی جائے اور پریکٹس کے لیے اولمپک ارینا فراہم کیا جائے‘۔
—فوٹو : سعودی گزیٹ
ہاکی ٹیم کی کھلاڑی خاتون دجانا بہادر کا کہنا تھا کہ ’میں 2 سال سے ہاکی کھیل رہی ہوں اور میں نے یوٹیوب ٹیوٹوریل کی مدد سے بھی ہاکی میں مہارت حاصل کی ہے‘۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں خواتین کی اس ٹیم کا حصہ بننا چاہتی ہوں جو اپنی قابلیت سے دنیا تک پہنچنے کی خواہش رکھتی ہے‘۔