لکھنؤ: اتر پردیش کے تین بار وزیر اعلی رہے سینئر کانگریسی رہنما نارائن دت تیواری کا جسد خاکی آخری دیدار کے لئے سنیچر کو نئی دہلی سے اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ لایا گیا۔
قابل ذکر ہے مسٹر تیواری کا گذشتہ منگل کو انتقال ہوگیا تھا ۔وہ 93 برس کے تھے ۔وہ لمبے عرصے سے علیل تھے ۔ مسٹڑ تیواری کے آخری رسم کی ادائیگی اتوار کو ہلدوانی میں سرکاری احترام کے ساتھ کیا جائے گا۔
ریاست کے نائب وزیر اعلی دنیش شرما سنیچر کو مسٹر تیواری کا جسد خاکی لیکر تقریبا 12 بجے اموسی ایئر پورٹ پہنچے ۔ ایئر پورٹ پر جوانوں نے گارڈ آف آنر دیا۔ اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ، اسمبلی اسپیکر ہردے نارائن دکشت، کابینی وزیر ریتا بہوگنا جوشی، سواتی سنگھ کے علاوہ کابینہ کے کئی معاونین نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر سماج وادی پارٹی(ایس پی) کے اکھلیش یادو نے بھی آنجہانی کو خراج عقیدت پیش کی۔ ان کے جسد خاکی کو آخری دیدار کے لئے لکھنؤ میں واقع اسمبلی میں رکھا جائے گا۔ اتوار کو ان کا جسد خاکی ہلدوانی لے جایا جائے گا جہاں آخری رسوم کی ادائیگی کی جائے گی۔ مسٹر تیواری کے جسد خاکی کے ساتھ ان کی بیوہ اجولہ تیواری اور بیٹے روہت شیکھر بھی موجودتھے ۔
مسٹر تیواری کے احترام میں اتر پردیش حکومت نے 20 اور 21 اکتوبر کو دو دنوں کا اور اتراکھنڈ حکومت نے تین دنوں کے سرکاری سوگ کا اعلان کیا ہے ۔ سنیچر کو اتر پردیش کے سبھی سرکاری دفاتر اور اسکول کالج بند رہیں گے ۔اترا کھنڈ میں 17 اکتوبر 1925 کو ضلع نینی تال کے بلوتی گاؤں میں پیدا ہوئے تیواری اتر پردیش کے تین اور اتراکھنڈ کے ایک بار وزیر اعلی رہے ۔ اس کے علاوہ و آندھرا پردیش کے گورنر بھی رہے ۔ انہوں نے مرکزی وزیر کی شکل میں بھی اپنی خدمات انجام دیں۔ ان کے اہل خانہ میں ان کی بیوی اجوالہ تیواری اور بیٹے روہت شیکھر ہیں۔
ہندوستان چھوڑو تحریک میں جیل جانے والے مسٹر تیواری نے آزادی کے بعد پرجا سوشلسٹ پارٹی سے اپنے سیاسی کریئر کی شروعات کی تھی۔ وہ بعد میں کانگریس کے خاص لیڈر رہے اور ملک کے پہلے سیاسی لیڈر بنے جنہیں دو ریاستوں کے وزیر اعلی ہونے کا اعزاز حاصل ہے انہوں نے کانگریس سے الگ ہوکر تیواری کانگریس کا قیام کیا تھا۔
وکاس پرس کے طور پر اپنی انوکھی شناخت قائم کرنے والے اتر پردیش اور اتراکھنڈ کے سابق وزیر اعلی نارائن دت تیواری کو سرمایہ کاری کے ذریعہ ریوینو حاصل کرنے پر دسترس حاصل تھی۔ دونوں ریاستوں میں ترقی کو رفتار دینے میں ان کا کردار ناقابل فراموش ہے ۔ انہوں نے وکاس پرس کی حیثیت سے اپنی شناخت بنائی اور شہرت حاصل کی تھی۔ انہوں نے اپنے وزیر اعلی رہتے ہوئے ترقی کو نیا رخ دیا۔ این آر سی میں شامل اتر پردیش کا نیو اوکھلا انڈسٹریل ڈیولپمنٹ اتھارٹی(نوئیڈا) کی تجویز انہیں کی تھی۔ اور اس کا افتتاح بھی انہوں نے اپنے وزیر اعلی کے میعاد کار میں کیا تھا۔ نوئیڈا آج ریاست کا سب سے زیادہ ریوینو دینے والا علاقہ ہے ۔ مسٹر تیوری نے وزیر اعلی رہتے ہوئے اترا کھنڈ میں متعدد صنعت کاروں کو مدعو کیا اور کاروبار کو فروغ دیا۔