نئی دہلی:مرکزی تفتیشی بیورو(سی بی آئی) کے ڈائریکٹر آلوک ورما کو چھٹی پر بھیجے جانے کے خلاف یہاں سی بی آئی ہیڈکوارٹر پر مظاہرہ کررہے کانگریس صدر راہل گاندھی سمیت پارٹی کے کئی لیڈروں کوپولیس نے آج حراست میں لے لیا۔
سی بی آئی ہیڈکوارٹر پر دن میں تقریباً گیارہ بجے شروع ہوئے دھرنا اور مظاہر ہ میں کانگریس کے صدر تقریباً دو گھنٹے سے زیادہ وقت تک شامل رہے اور اس کے بعد مسٹر گاندھی کے سینئر لیڈر احمد پٹیل ، ہریانہ کے سابق وزیر اعلی بھوپندر سنگھ ہڈا ، پارٹی کے لیڈر دیپندر ہڈا ، پارٹی کے اعلی ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا ، پارٹی کے جنرل سکریٹری اشوک گہلوت اور پرمود تیواری سمیت کئی لیڈروں کو حراست میں لے لیا گیا۔اس سے پہلے مسٹر گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے رافیل گھپلے میں جیل جانے سے ڈر سے سی بی آئی پر حملہ کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا” ملک کا چوکیدار سی بی آئی، الیکشن کمیشن، لوک سبھا اور اسمبلیوں سمیت تمام اداروں پر حملہ کررہے ہیں۔ ” انہوں نے کہا کہ ترنمول کانگریس سمیت تمام اپوزیشن پارٹیاں حکومت کے اس غیر آئینی اقدام کی مخالفت کرتے رہے ہیں۔ اس مظاہرہ میں سی پی آئی کے ڈی راجہ اور جنتا دل یو کے سابق رہنما شرد یادو بھی موجود تھے ۔