اے سی پی پردیومن اب ہر تفتیش کی ابتدا سے قبل ‘کچھ تو گڑبڑ ہے دَیا’ بولتے نظر نہیں آئیں گے اور نہ ہی دَیا دروازہ توڑتے ہوئے نظر آئيں گے۔ کیونکہ سونی ٹی وی چینل کا شو ‘سی آئی ڈی’ 21 سال چلنے کے بعد روک دیا گیا ہے۔
سنہ 1997 میں پہلی بار نشر ہونے والے اس سیریز سے قبل ٹی وی پر کئی کرائم شو آئے لیکن دیکھتے ہی دیکھتے بی پی سنگھ کی ہدایت میں بننے والا ٹی وی شو ‘سی آئی ڈی’ اپنے وقت کا سب سے مقبول کرائم شو بن گیا۔
لیکن 21 سال بعد اسے کیوں بند کر دیا گیا؟ اب اس معاملے کی تحقیقات کون کرے گا؟ کچھ تو گڑبڑ ہے دَیا!
چلیے اے سی پی پرادیومن کا کردار اپناتے ہوئے ہم یہ جاننے کی کوشش کرتے ہیں کہ اس شو کے ساتھ کیا ‘گڑبڑ’ ہوئی۔
اس شو میں سینیئر انسپکٹر دَیا کا کردار ادا کرنے والے دیانند شیٹی نے بی بی سی سے بات چیت میں بتایا کہ اس شو کے بند کرانے کے پس پشت کون ہیں۔
اگر چہ شو کے پروڈیوسرز نے سی آئی ڈی کے بند ہونے کا اعلان اب کیا لیکن دَیانند کے مطابق دو سال سے اسے بند کرنے کی بات گشت کر رہی تھی۔
انھوں نے کہا کہ سونی چینل اس شو کو بند کرنے کے لیے دو سال سے کوشاں تھا لیکن وہ چاہتا تھا کہ پروڈیوسرز خود ہی اسے بند کردیں اور ان کے سر اسے بند کرنے کا الزام نہیں آئے۔