نئی دہلی، 6 فروری (یو این آئی) شرومنی اکالی دل نے 1984 کے سکھ فسادات کے تعلق سے برطان وی حکومت کے انکشاف کے پیش نظر حکومت سے اس وقت کی برطانوی حکومت کے ساتھ ہوئے تمام خط و کتابت اور بات چیت کو منظرعام پر لانے کا مطالبہ کیا ہے۔شرومنی اکالی دل کی رکن پارلیمنٹ ہرسمرت کور نے آج یہاں پارلیمنٹ کے احاطے میں نامہ نگاروں سے کہاکہ برطانوی حکومت کے اس بیان کے بعد کہ گولڈن ٹمپل میں آپریشن بلو اسٹار سے تقریباً 10 ماہ پہلے اس وقت کی وزیراعظم اندرا گاندھی نے سیاسی مفاد کے لئے منصوبہ بند طریقہ سے یہ کارروائی کی تھی۔ انہوں نے آپریشن بلو اسٹار کی حقیقت اجاگر کرنے کیلئے اس وقت کی برطانوی اور ہندوستانی حکومت کے درمیان ہونے والی تمام خط و کتابت کو عام کرنے کا مطالبہ کیا۔کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی کی نکتہ چینی کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وہ ایک طرف تو یہ تسلیم کرتے ہیں کہ 1984 کے سکھ مخالف فسادات میں ان کی پارٹی کے چند لیڈر ملوث تھے۔ دوسری طرف کانگریس پارٹی نے مرکزی تفتیشی بیورو جیسی ایجنسیوں کا استعمال کرکے جگدیش ٹائٹلر جیسے لیڈروں کو بچانے کی کوشش کی ہے۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر ایم وینکیا نائیڈو نے بھی گولڈن ٹمپل میں فوجی کارروائی کے حقائق کو سامنے لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کو اس معاملے پر بیان دینا چاہئے۔