بحرین کے عوام نے آل خلیفہ کی نمائشی عدالت کی جانب سے ملک کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت، جمعیت الوفاق کے جنرل سیکریٹری شیخ علی سلمان کی سزا کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے۔
بحرین کے عوام نے اس ملک کے مختلف شہروں میں بڑے پیمانے پر مظاہرے کر کے شیخ علی سلمان کی سزا کی مذمت کی۔ مظاہرین کے ہاتھوں میں شیخ علی سلمان کی تصاویر اور کتبے تھے اور وہ ان کی رہائی کے لئے نعرے لگا رہے تھے۔
واضح رہے کہ بحرین کی آل خلیفہ حکومت کی نمائشی عدالت نے ملک کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت، جمعیت الوفاق کے جنرل سیکریٹری شیخ علی سلمان اور دو سابق ارکان پارلیمنٹ شیخ حسن سلطان اور علی الاسود کو قطر کے لئے جاسوسی کرنے جیسے بیہودہ الزامات میں عمر قید کی سزا سنائی ہے-
بحرین کے انقلابی نوجوانوں کی تنظیم چودہ فروری یوتھ کولیشن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ اقدام انصاف کا قتل اور اس قوم کے خلاف سنگین جرم ہے جو اپنے حق خود ارادیت اور جائز مطالبات کی تکمیل پر یقین رکھتی ہے-
بیان میں بحرین کے شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ظالمانہ عدالتی فیصلے اور برسوں تک کی سزائے قید انقلابی تحریک کا راستہ بند نہیں کر سکے گی جو کئی عشرے قبل شروع ہو چکی ہے-
بحرین کی چودہ فروری یوتھ کولیشن نے کہا ہے کہ اس قسم کے فیصلوں سے آل خلیفہ کے ذریعے کرائے جانے والے انتخابات کا بائیکاٹ کرنے کی تحریک کو اور زیادہ تقویت ملے گی-